
اسرائیل نے پیر کو ایران پر حملے کیے ہیں جس کے بعد تہران کی جانب سے بھی اسرائیل پر چند گھنٹوں میں دوسرا حملہ کیا گیا۔ ایران اور امریکہ کے درمیان 8 اپریل کو ہونے والی جنگ بندی کے بعد اسرائیل اور ایران کی جانب سے ایک دوسرے پر یہ پہلے حملے ہیں۔
اسرائیل نے یہ کارروائی گزشتہ روز شمالی اسرائیل پر ایرانی میزائل حملے کے جواب میں کی۔ ایران نے یہ حملہ بیروت میں حزب اللہ پر اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں کیا تھا۔
گزشتہ رات شمالی اسرائیل پر ایران کی جانب سے میزائل داغے گئے جسے اپریل کی جنگ بندی کے بعد پہلا بڑا حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔ کچھ دیر قبل یروشلم، وسطی اور جنوبی اسرائیل پر بھی مزید میزائل فائر کیے گئے۔
اطلاعات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کو ایران پر مزید حملوں سے گریز کی ہدایت کی تھی۔ ایک اسرائیلی عہدے دار کے مطابق دونوں رہنماؤں کی اتوار کو ٹیلی فون پر بات ہوئی تھی۔
امریکی نیوز ویب سائٹ 'ایگزیوس' نے ایک امریکی عہدے دار کے حوالے سے رپورٹٖ کیا ہے کہ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم کو کہا کہ وہ ایران پر مزید حملے نہ کریں کیوں کہ "ہم ایک معاہدے سے متعلق کچھ اچھا فیصلہ کرنے کے بہت قریب ہیں۔"
وائٹ ہاؤس اور اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے اس معاملے پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ تاہم صدر ٹرمپ نےحملوں سے چند گھنٹے قبل اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ 'اسرائیل کی جانب سے ایران پر نئے حملے امریکہ اور ایران کے معاہدے پر اثر انداز نہیں ہوں گے۔'
ان کا کہنا تھا کہ فیصلے میں کروں گا، تمام فیصلے میں کروں گا نیتن یاہو نہیں۔
تاہم صدر ٹرمپ کی حملہ نہ کرنے کی ہدایت کو نظر انداز کرتے ہوئے اسرائیلی فوج نے پیر کو تہران کے پیٹروکیمیکل پلانٹ پر حملہ کیا۔ اسرائیل کے مطابق اس نے ایران کے ماہشہر پیٹروکیمیکل کمپلیکس کو نشانہ بنایا اور دیگر فوجی اہداف پر بھی حملے کیے ہیں۔
بعض ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے میں پلانٹ کے کئی حصوں کو نقصان پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل صدر ٹرمپ اسرائیل پر لبنان میں حملے روکنے پر بھی زور دے چکے ہیں۔ اس معاملے پر ان کی نیتن یاہو کے ساتھ تلخ کلامی کی بھی تفصیلات بھی منظر عام پر آئی تھیں۔ تاہم اس کے باوجود اسرائیل نے اتوار کو پھر بیروت کے علاقوں میں بھی حملے کیے ہیں۔
ایران کی جانب سے اسرائیلی اہداف پر سالوو میزائل فائر کیے گئے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ 'مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں واقع دو اسرائیلی فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔'
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق 'پاسدارانِ انقلاب کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے دی جانے والی معلومات کے مطابق سوموار کی صبح اسرائیلی فضائیہ کے تل نوف اور نواتیم ایئربیسز کو ہدف بنایا گیا۔'
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ ان کے حملوں کو ایک وارننگ سمجھا جائے۔ اگر جارحیت جاری رہی تو وہ خطے میں اسرائیلی و امریکی اہداف کو بڑے پیمانے پر نشانہ بنائیں گے۔
اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس نے ایران کی جانب سے فائر کیے گئے میزائلوں کو کامیابی سے روک لیا ہے۔






