افغان طالبان کے پاس خوارج یا پاکستان میں سے کسی ایک کے انتخاب کے سوا کوئی آپشن نہیں: چیف آف ڈیفینس فورسز جنرل عاصم منیر کا خطاب

14:138/12/2025, پیر
جنرل8/12/2025, پیر
ویب ڈیسک
چیف آف ڈیفینس فورسز، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر
چیف آف ڈیفینس فورسز، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر

پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان کو واضح پیغام دیا ہے کہ انہیں خوارج (ٹی ٹی پی) یا پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ ان کے پاس کوئی آپشن نہیں ہے۔

جنرل عاصم منیر نے یہ گفتگو پیر کو نئے قائم کردہ ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تینوں افواج کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 'انڈیا کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہوگا۔'

اس سے قبل راولپنڈی کے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

تقریب میں چیف آف ایئر سٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور چیف آف نیول سٹاف، ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔ تقریب میں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سلامی پیش کی۔

بعد ازاں چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل عاصم منیر نے تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں بنیادی تبدیلی تاریخی ہے۔ بڑھتے اور بدلتے خطرات کے پیش نظر ضروری ہے کہ ہم ملٹی ڈومین آپریشنز کو تینوں افواج کے متحد نظام کے تحت مزید بہتر کریں۔

ان کا کہنا تھا ہر سروس اپنی آپریشنل تیاریوں کے لیے اپنی انفرادیت برقرار رکھے گی۔ تینوں افواج اپنی اندرونی خودمختاری اور تنظیمی ڈھانچہ برقرار رکھیں گی جب کہ ڈیفنس فورسز کا ہیڈکوارٹر سروسز کے آپریشنز کو مربوط اور ہم آہنگ کرے گا۔

انڈیا سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے۔ اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے۔ کسی کو بھی پاکستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور عزم کو آزمانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ جمعرات کو وزیراعظم پاکستان کی جانب سے ارسال کی گئی سمری کے بعد صدر آصف علی زرداری نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفینس فورسز تعیناتی کی منظوری دے دی تھی۔ چار دسمبر 2025 کو جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر آئندہ پانچ سال تک پاکستان کے چیف آف ڈیفینس فورسز اور آرمی چیف ہوں گے۔

##پاکستان
##عاصم منیر
##فیلڈ مارشل