نیتن یاہو نے ایسا منصوبہ بنانے کا ہدف دیا تھا جس سے انہیں سات اکتوبر کے حملوں میں سیکیورٹی کی ناکامی کا ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے: اسرائیلی وزیرِ اعظم کے سابق مشیر کا انکشاف

11:4124/12/2025, Çarşamba
جنرل24/12/2025, Çarşamba
ویب ڈیسک
نیتن یاہو
نیتن یاہو

اسرائیلی وزیرِ اعظم کے سابق مشیر نے انکشاف کیا ہے کہ بن یامین نیتن یاہو نے سات اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے بعد انہیں ہدایت کی تھی کہ وہ کوئی ایسا راستہ ڈھونڈیں جس سے سیکیورٹی کی ناکامی کی ذمے داری ان پر عائد نہ کی جا سکے۔

یہ انکشاف نیتن یاہو کے سابق ترجمان ایلی فیلڈسٹین نے پیر کو ایک انٹرویو کے دوران کیے ہیں۔ فیلڈسٹین پر اسرائیلی حکومت کی جانب سے ایک مقدمہ بھی چلایا جا رہا ہے اور انہیں اس الزام کا سامنا ہے کہ انہوں نے خفیہ معلومات میڈیا کو لیک کیں۔

نیتن یاہو پر پہلے بھی ایسے الزامات عائد کیے گئے ہیں کہ وہ ان حملوں میں سیکیورٹی کی ذمے داری قبول کرنے سے انکاری تھے۔ لیکن سات اکتوبر کے حملوں کے بعد کے کچھ دنوں میں اسرائیلی وزیرِ اعظم کے ردعمل کے بارے میں بہت کم معلومات سامنے آئی ہیں۔

ایلی فیلڈسٹین نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ انہیں سات اکتوبر کے حملوں کے بعد اسرائیلی وزیرِ اعظم کی طرف سے جو پہلا ٹاسک ملا وہ احتساب کے مطالبات ختم کرنے کا تھا۔

ان کے بقول نیتن یاہو نے مجھ سے پوچھا، 'یہ خبروں میں کیا چل رہا ہے؟ کیا یہ اب بھی ذمے داروں کے تعین کی بات کر رہے ہیں۔' وہ چاہتے تھے کہ میں کوئی ایسا حل سوچوں جو میڈیا کے ان سوالوں کے طوفان کا رخ بدل سکے کہ کیا وزیرِ اعظم نے ناکامی کی ذمے داری قبول کی ہے یا نہیں۔'

فیلڈسٹین نے مزید کہا کہ یہ ہدایت دیتے ہوئے نیتن یاہو 'مضطرب' نظر آ رہے تھے۔ ان کے بقول بعد ازاں اسرائیلی وزیرِ اعظم کے بعض قریبی افراد نے انہیں کہا کہ وہ تمام بیانات سے 'ذمے داری' کا لفظ حذف کر دیں۔
ایلی فلیڈسٹین

نیتن یاہو کے دفتر نے سابق ترجمان کے اس انٹرویو اور اس میں کیے گئے دعوؤں کو 'جھوٹے اور بار بار دہرائے جانے والے الزامات کے طویل سلسلے کی کڑی' قرار دیا ہے۔ اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'الزامات ایسے شخص کی طرف سے لگائے گئے ہیں جس کا واضح طور پر ذاتی مفاد ہے اور وہ خود سے ذمے داری ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔'

واضح رہے کہ ایلی فیلڈسٹین پر خفیہ معلومات لیک کرنے کے مقدمے میں فردِ جرم عائد ہو چکی ہے۔ اس مقدمے میں ان پر الزام ہے کہ فیلڈسٹین نے گزشتہ سال اگست میں اسرائیلی فوج کے حملے میں چھ یرغمالوں کی ہلاکت کے بعد خفیہ فوجی معلومات ایک جرمن جریدے کو فراہم کر کے اسرائیلی وزیرِ اعظم کی عوامی ساکھ بہتر کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس کے علاوہ انہیں ایک اور مقدمے کا بھی سامنا ہے جس میں ان پر الزام ہے کہ انہوں نے دو دیگر افراد کے ہمراہ قطر سے پیسے لیے۔

##اسرائیل
##نیتن یاہو
##مشیر