
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس تیل کے شعبے میں ممکنہ معاہدے پر بات چیت کر رہے ہیں۔
انہوں نے آر آئی اے نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’تیل کی تلاش، پیداوار اور ریفائننگ جیسے شعبے روس کی مضبوط صلاحیتوں میں شامل ہیں اور پاکستان اس شعبے میں روس کے ساتھ معاہدے کا خواہاں ہے‘۔
رپورٹ کے مطابق محمد اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ دونوں ملک پاکستان میں ایک اور اسٹیل پلانٹ بنانے پر غور کر رہے ہیں۔
روسی وزیر توانائی سرگئی تسویلیف نے نومبر میں بتایا تھا کہ روسی کمپنیوں کے ساتھ پاکستان میں ایک ریفائنری کی اپ گریڈیشن پر بھی بات ہوئی ہے۔
پاکستان اور روس کے تعلقات حالیہ برسوں میں مضبوط ہوئے ہیں۔ مغربی ممالک کی طرف سے لگائی گئی پابندیوں کے بعد روس نئے توانائی بازاروں کی تلاش میں ہے جبکہ پاکستان توانائی کی درآمدات کے اخراجات کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان نے 2023 میں روسی خام تیل کی خریداری کا آغاز کیا تھا۔






