سوئٹزر لینڈ میں سالِ نو کا جشن سوگ میں بدل گیا، بار میں دھماکے اور آتش زدگی سے 40 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی

14:281/01/2026, جمعرات
جنرل1/01/2026, جمعرات
ویب ڈیسک
جائے واقعہ کے قریب پولیس کی گاڑی موجود ہے۔
جائے واقعہ کے قریب پولیس کی گاڑی موجود ہے۔

سوئٹزر لینڈ میں نئے سال کے موقع پر ایک اسکی ریزورٹ میں دھماکے اور آتش زدگی سے تقریباً 40 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔

واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات تقریباٌ ڈیڑھ بجے کے قریب سوئٹزر لینڈ کے جنوب مغربی علاقے کرانز - مونٹانا میں واقع ایک ریزورٹ میں پیش آیا۔ دھماکے اور آتش زدگی کے وقت بڑی تعداد میں لوگ بار میں موجود تھے جو نئے سال کا جشن منا رہے تھے۔

دھماکے کی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ معلوم ہوتا ہے۔ ہلاک و زخمی ہونے والوں میں متعدد غیر ملکی افراد بھی شامل ہیں۔

علاقے کے پولیس سربراہ فریڈرک گسلر کے مطابق متاثرین کے اہلِ خانہ کے لیے ایک ہیلپ لائن قائم کر دی گئی ہے جس کے ذریعے وہ اپنے پیاروں سے متعلق معلومات لے سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 'جو ہوا ہے ہم اسے دیکھ کر لرز اٹھے ہیں۔'

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ 100 کے قریب افراد زخممی ہوئے ہیں جن میں کئی بری طرح جھلسنے کی وجہ سے تشویش ناک حالت میں ہیں۔ درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اٹلی کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ سوئس پولیس سے حاصل ہونے والی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 40 کے قریب ہے۔ تاہم سوئس پولیس کی جانب سے فی الحال کوئی تعداد نہیں بتائی گئی۔

سوئٹزر لینڈ کے وفاقی صدر گائے پرمیلن نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سال کا پہلا دن جو خوشیوں کا موقع ہونا چاہیے تھا، وہ ہمارے لیے سوگ میں بدل چکا ہے جس نے پورے ملک اور بیرونِ ملک بھی لوگوں کو افسردہ کر دیا ہے۔ انہوں نے متاثرین سے تعزیت بھی کی ہے۔

اٹلی کے وزیرِ خارجہ انٹونیو تاجانی نے کہا ہے کہ ممکن ہے کہ آگ لگنے کی وجہ آتش بازی ہو۔ مقامی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'ایسا لگتا ہے کہ جیسے حادثہ آگ کی وجہ سے پیش آیا ہے اور آگ لگنے کی وجہ دھماکہ ہو سکتا ہے جو ممکنہ طور پر سالِ نو کے جشن کے لیے جلائے گئے کسی پٹاخے کا ہوگا۔

##سوئٹزر لینڈ
##آتش زدگی
##نیا سال جشن