
اب تک کی اہم معلومات
- اسرائیل نے منگل کی صبح ایران اور لبنان میں فضائی حملوں کی نئی لہر شروع کی ہے۔
- ایران نے بحرین میں امریکی فوجی اڈہ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
- سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں امریکی سفارت خانے پر دو ڈرون گرے ہیں۔
- امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کو حملوں کا جواب دیا جائے گا۔
- امریکہ نے مشرقِ وسطیٰ کے متعدد ملکوں سے اپنے شہریوں کو نکلنے کی ہدایت کی ہے۔
- ایران نے آبنائے ہرمز کو بند کر دیا ہے جب کہ تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
خامنہ ای کا قتل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے: وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار

سینیٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران ہمارا ہمسایہ اور برادر اسلامی ملک ہے۔ پاکستان نے ایران کا مسئلہ سلجھانے کی بھرپور کوشش کی ہے اور ایران بھی پاکستان کی کوششوں سے آگاہ ہے۔
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ مذاکرات میں پیش رفت کے باوجود ایران پر حملہ کیا گیا جس کی پاکستان نے شدید مذمت کی۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ میں نے ایرانی حکام سے رابطہ کر کے انہیں باور کرایا کہ ہمارا سعودی عرب کے ساتھ اسٹرٹیجک شراکت داری کا معاہدہ ہے، اسے ذہن میں رکھیں۔ انہوں نے یقین دہانی مانگی کہ سعودی سرزمین حملے میں استعمال نہیں ہوگی۔ میں نے انہیں یہ یقین دہانی لے کر دی اور اسی لیے سعودی عرب اور عمان پر ایران نے حملے نہیں کیے۔
وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ پرامن مقاصد کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کا حصول ایران کا حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سفارت کاری ہی مسئلے کا حل ہے اور وہ عالمی رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں اور اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
===========================================================
اسرائیل کی جانب سے سرحدیں بند کرنے کے بعد غزہ میں خوراک اور فیول کی قلت
اسرائیل نے ایران کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد غزہ کی سرحدیں پھر بند کر دی ہیں جس سے علاقے میں خوراک اور فیول کی قلت پیدا ہو رہی ہے جس کی سپلائی پہلے ہی محدود تھی۔
اسرائیلی انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل اور غزہ کے درمیان سرحدی گزرگاہ کریم شیلوم کو منگل کو امدادی سامان کی فراہمی کے لیے کھولے گی۔ تاہم اسرائیل کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ کتنی امداد داخل ہونے دی جائے گی۔
===========================================================
ایران کا بحرین میں امریکی فوجی اڈے کو تباہ کرنے کا دعویٰ
ایران کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی حملوں کے نتیجے میں بحرین میں امریکی فضائی اڈہ تباہ ہو گیا ہے۔
پاسدران انقلاب سے منسلک نیوز ایجنسی 'فارس' نے دعویٰ کیا ہے کہ پاسدران انقلاب کے ڈرون اور میزائل حملے میں بحرین کے علاقے شیخ عیسیٰ میں امریکی کمانڈ اور وہاں کام کرنے والے عملے کو نقصان پہنچا۔
امریکہ نے فی الحال ان اطلاعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
===========================================================
اسرائیل کے لبنان میں حملے جاری، اسرائیلی فوج نے سرحد پر دراندازی کی ہے: لبنانی عہدے دار کا دعویٰ
اسرائیلی فوج اب ایران کے ساتھ ساتھ لبنان میں بھی بمباری کر رہی ہے اور بیروت میں منگل کی صبح بھی کئی دھماکے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب لبنانی حکام نے کہا ہے کہ اسرائیل کی زمینی افواج نے دراندازی کی ہے اور لبنان میں داخل ہو گئی ہے۔



===========================================================
ایران پر حملے کے چار مقاصد واضح ہیں: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پر حملے کے ہمارے مقاصد واضح ہیں۔ ان کے بقول:
- ہم ایران کی بیلسٹک میزائلوں کی صلاحیت کو تباہ کر رہے ہیں۔
- ہم ان کی بحری قوت کو ختم کر رہے ہیں۔
- یہ یقینی بنا رہے ہیں کہ دنیا میں دہشت گردی کی سرپرست ریاست کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔
- اور ہم یہ یقینی بنا رہے ہیں کہ ایرانی رجیم اپنی سرحدوں سے باہر دہشت گرد افواج کو ہتھیار، فنڈنگ اور کوئی مدد فراہم نہ کر سکے۔
===========================================================
امریکہ کی اپنے شہریوں اور سرکاری اہلکاروں کو مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ملکوں سے نکلنے کی ہدایت
امریکہ نے ایک طرف اپنے شہریوں کو مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ملکوں سے انخلا کی ہدایت کی ہے تو دوسری جانب نان ایمرجنسی سرکاری اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ کو بھی مختلف ملکوں سے نکلنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
امریکی محکمہ خراجہ نے صرف انتہائی ضروری اہلکاروں کے علاوہ باقی سرکاری اہلکاروں اور ان کی فیملیز کو قطر، کویت، اردن، بحرین اور عراق سے فوری نکلنے کی ہدایت جاری کی ہیں۔
علاقائی کشیدگی کے تناظر میں کویت میں امریکی سفارت خانہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔
===========================================================
ایران کے جوابی حملوں میں ہلاک امریکی فوجیوں کی تعداد چھ ہو گئی: سینٹ کام
امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ ایران کے حملوں سے ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔
دوسری جانب ایران کے پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ ہے کہ ایران کی جوابی کارروائیوں میں 560 امریکی فوجی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔
===========================================================
امریکی افواج جان بوجھ کر کسی اسکول کو نشانہ نہیں بنائیں گی: امریکی وزیر خارجہ کا ایران میں گرلز اسکول پر حملے میں 160 ہلاکتوں پر ردعمل

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے ایران میں اسکول پر حملے میں ہونے والی ہلاکتوں پر کہا ہے کہ امریکی افواج 'جان بوجھ کر اسکول کو نشانہ نہیں بنا سکتیں۔' ایرانی حکام کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کے ابتدائی حملوں میں لڑکیوں کے ایک اسکول کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں 160 طالبان ہلاک ہو چکی ہیں۔
اسکول پر حملے کی اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسکو اور نوبیل انعام یافتہ ایکٹیوسٹ ملالہ یوسف زئی نے بھی مذمت کی ہے۔ بین الاقوامی قوانین کے مطابق کسی تعلیمی ادارے، اسپتال یا شہری ڈھانچے پر جان بوجھ کر حملہ کرنا جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔
مارکو روبیو کا پیر کو صحافیوں سے گفتگو میں اس حملے پر کہنا تھا کہ 'محکمہ جنگ اس کی تحقیقات کر رہا ہے کہ یہ ہماری کارروائی تھی یا نہیں اور میں آپ کے سوال ان تک پہنچا دوں گا۔' انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ جانتے بوجھتے کسی اسکول کو نشانہ نہیں بنائے گا۔
===========================================================
ریاض میں امریکی سفارت خانے پر حملے کا جواب دیں گے: امریکی صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں امریکی سفارت خانے پر حملے اور امریکی اہلکاروں کی ہلاکت کا جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ریاض میں امریکی سفارت خانے سے دو ڈرونز ٹکرائے ہیں جس کے بعد سفارت خانے کی عمارت کے کچھ حصوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ سعودی وزارتِ دفاع کے مطابق حملے میں معمولی نقصان ہوا ہے۔






