پاکستان کی امریکہ سے درخواست پر اسرائیل نے ایرانی وزیرِ خارجہ اور اسپیکر کا نام ٹارگٹ لسٹ سے نکال دیا: پاکستانی ذرائع کا دعویٰ

14:3526/03/2026, الخميس
جنرل26/03/2026, الخميس
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل نے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور اسپیکر محمد باقر قالیباف کا نام اپنی ہٹ لسٹ سے نکال دیا ہے۔ پاکستان نے امریکہ سے درخواست کی تھی کہ ان رہنماؤں کو نشانہ نہ بنایا جائے۔

رائٹرز کے مطابق معاملے سے باخبر ایک عہدے دار نے جمعرات کو اسے بتایا کہ 'اسرائیلیوں کے پاس ان رہنماؤں کی لوکیشن موجود تھی اور وہ انہیں نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ ہم نے امریکہ کو کہا کہ اگر انہیں بھی قتل کر دیا گیا تو کوئی ایسا نہیں بچے گا جس سے مذاکرات ہو سکیں۔ پھر امریکہ نے اسرائیلیوں کو حملہ نہ کرنے کا کہا۔'

پاکستان کی فوج اور وزارتِ خارجہ کی جانب سے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی اخبار 'وال اسٹریٹ جرنل' نے سب سے پہلے رپورٹ کیا تھا کہ امن مذاکرات کے امکان کو دیکھتے ہوئے دو اعلیٰ ایرانی عہدے داروں کا نام عارضی طور پر اسرائیل کی ٹارگٹ لسٹ سے نکالا گیا ہے۔ اخبار کے مطابق ان عہدے داروں کا نام چار، پانچ دن کے لیے نکالا گیا ہے۔ تاہم وال اسٹریٹ جنرل کی خبر میں پاکستان کے کردار سے متعلق کوئی ذکر نہیں تھا۔

امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان، ترکیہ اور مصر ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں اور مذاکرات کی کوششیں کر رہے ہیں۔

پاکستان واشنگٹن اور تہران، دونوں فریقین سے براہ راست رابطے میں ہے اور دونوں ملکوں کے ممکنہ مذاکرات کے لیے اسلام آباد کو ایک موزوں مقام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ایران امریکہ کے 15 نکاتی مجوزہ معاہدے کا جائزہ لے رہا ہے تاہم ایران بارہا مذاکرات سے انکار بھی کر چکا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے، مذاکرات نہیں ہو رہے۔ مگر امریکہ کا اصرار ہے کہ مذاکرات ہو رہے ہیں۔

##پاکستان
##ایران
##امریکہ
##اسرائیل