لائیو: حزب اللہ کے حملوں کے بعد اسرائیل کے لبنان پر بھی حملے، ایران کا امریکہ کے ساتھ مذاکرات سے انکار

09:362/03/2026, الإثنين
جنرل2/03/2026, الإثنين
ویب ڈیسک
بیروت کے قریب اسرائیلی فضائی حملوں سے ہونے والی تباہی کا ایک منظر
بیروت کے قریب اسرائیلی فضائی حملوں سے ہونے والی تباہی کا ایک منظر

اب تک کی اہم خبریں

  • اسرائیل نے پیر کو ایران کے ساتھ ساتھ لبنان میں بھی فضائی حملے کیے ہیں۔
  • حزب اللہ نے اسرائیل میں میزائل اور ڈرون سے حملے کیے جس کے بعد اسرائیل نے لبنان میں اس کے خلاف کارروائیاں شروع کی ہیں۔
  • ایران کے اعلیٰ عہدے دار نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات سے انکار کیا ہے۔
  • پاکستان میں خامنہ ای کی موت کے خلاف مظاہروں میں 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
  • کویت میں کئی امریکی لڑاکا طیارے تباہ ہوئے ہیں۔
  • سعودی عرب کی آئل کمپنی آرامکو کی ریفائنری پر ڈرون حملہ ہوا ہے۔
  • ایرانی سفیر برائے ایٹمی توانائی ایجنسی نے کہا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیب پر حملہ ہوا ہے۔

پاکستانی شہریوں کی براستہ تفتان بارڈر ایران سے واپسی

ایران میں اسرائیلی و امریکی حملوں کے بعد وہاں موجود پاکستانی شہری تفتان بارڈر کے ذریعے وطن واپس آ رہے ہیں۔ کچھ پاکستانی دیگر سرحدی گزرگاہوں سے ذریعے بھی ایران سے انخلا کریں گے۔

ایران پر حملہ، فرانس کی امریکہ اور اسرائیل پر تنقید

فرانس کے وزیرِ خارجہ نے پیرس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران پر حملہ کرنے پر امریکہ و اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'کسی خاص مقصد کے بغیر غیر معینہ مدت تک طویل فوجی کارروائیاں ایران اور خطے کو طویل المدتی عدم استحکام کے خطرے کی طرف دھکیل سکتی ہیں جس کا نتیجہ انتہائی غیر یقینی ہوگا اور ہمارے مفادات کو نقصان پہنچائے گا۔'

فرانسیسی وزیرِ خارجہ نے جوابی حملوں پر ایران پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ 'فوجی کشیدگی جلد از جلد روکنی چاہیے۔ ایراجی رجیم جو اب اپنی سمت کھو چکی ہے، ان حملوں کو ختم کرے۔

===========================================================

ناروے نے اسرائیلی حملے کو بین الاقوامی قانون کے خلاف قرار دے دیا

ناروے کے وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق نہیں تھا۔ 'اے ایف پی' کے مطابق ناروے کے وزیرِ خارجہ ایپسن بارتھ ایڈ نے کہا کہ 'اسرائیل نے ان حملوں کو قبل از وقت کارروائی قرار دیا ہے لیکن یہ بین الاقوامی قانون کے مطابق نہیں ہیں۔ قبل از وقت حملوں کے لیے کسی فوری خطرے کا ہونا ضروری ہے۔'

نارویجین وزیرِ خارجہ نے تمام فریقین سے تحمل سے کام لینے اور سفارتی حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

===========================================================

ایران کی جوہری تنصیب پر حملہ کیا گیا ہے: ایرانی سفیر برائے ایٹمی توانائی ایجنسی

اقوامِ متحدہ کے ایٹمی نگران ادارے میں ایران نے سفیر نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں ایران کی نظنز میں نیوکلیئر تنصیب کو نقصان پہنچا ہے۔

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے 35 رکنی بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ایرانی سفیر رضا نجفی نے صحافیوں کو بتایا کہ 'انہوں نے دوبارہ ایران کی پرامن اور محفوظ نیوکلیئر تنصیب پر حملہ کیا ہے۔' جب ان سے پوچھا گیا کس تنصیب پر تو رضا نجفی نے جواب دیا کہ نظنز پر۔

===========================================================

ایران میں امریکی اور اسرائیلی حملوں سے 555 افراد ہلاک: ایرانی ہلالِ احمر

ایران کے ہلالِ احمر نے پیر کو کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں سے ایران میں اب تک 555 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ایرانی ہلالِ احمر نے اپنے بیان میں کہا کہ 'ملک کے مختلف علاقوں میں صیہونی امریکی دہشت گرد حملوں سے 131 شہر متاثر ہوئے ہیں اور 555 ہم وطن مارے جا چکے ہیں۔'

===========================================================

سعودی عرب کی آئل کمپنی آرامکو کی ریفائنری پر ڈرون حملہ

سعودی عرب کے شہر راس تنورہ میں تیل کی پیداوار کرنے والی سرکاری کمپنی آرامکو کی ایک ریفائنری پر ڈرون حملہ ہوا ہے۔

راس تنورہ میں کئی بڑی آئل ریفائنریز ہیں اور اسے دنیا کا سب سے بڑا آئل پورٹ بھی کہا جاتا ہے۔ راس تنورہ سے روز ساڑھے پانچ لاکھ بیرل خام تیل کی پیداوار ہوتی ہے۔پاکستانی نیوز چینل 'جیو ٹی وی' نے رپورٹ کیا ہے کہ حملے کے وقت ایک پاکستانی جہاز میں بھی تیل لوڈ کیا جا رہا تھا جسے حملے کے بعد روک دیا گیا

خبر رساں ادارے رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ حملے کے بعد ریفائنری کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

===========================================================

ایران میں ایک چینی شہری ہلاک، چائنہ کا فوری جنگ بندی اور سفارتی حل تلاش کرنے پر زور

چائنہ کی وزارتِ خارجہ کی ایک ترجمان ماؤ ننگ نے کہا ہے کہ تہران میں کم از کم ایک چائنیز شہری ہلاک ہوا ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ نے مشرق وسطیٰ کے تنازع کو حل کرنے کے لیے جنگ بندی اور سفارت کاری پر زور دیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ فوری طور پر فوجی کارروائیوں کو روکنا چاہیے اور تنازع کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ معاملے کو مذاکرات اور بات چیت سے حل کیا جائے۔

===========================================================

کویت میں متعدد امریکی لڑاکا طیارے تباہ

کویت کی وزارتِ دفاع نے متعدد امریکی لڑاکا طیارے تباہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ پیر کی صبح کئی امریکی لڑاکا طیارے گرے ہیں جن کے پائلٹ محفوظ رہے ہیں۔

کویت کی وزارت دفاع کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ متعلقہ حکام نے فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا اور جائے واقعہ سے جہاز کے عملے کے افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان نے کہا ہے کہ عملے کے افراد محفوظ ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ متعلقہ حکام حادثات کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

===========================================================

عراق میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی ڈرون حملے کے مناظر

===========================================================

ایران کا امریکہ کے ساتھ مذاکرات سے انکار

علی لاریجانی

ایران کی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایران اپنا دفاع کر رہا ہے اور امریکہ کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گا۔

علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ یہ جنگ ایران نے شروع نہیں کی۔

قطر کے نشریاتی ادارے 'الجزیرہ' سے گفتگو کرتے ہوئے علی لاریجانی نے کہا کہ ایران امریکہ کے ساتھ دو بار سفارتی رابطوں میں شامل ہوا ہے۔ پہلی بار 2025 میں مذاکرات کیے جس کے بعد امریکہ اور اسرائیل نے حملے کیے۔ اور اب بھی پہلے کی طرح ایران پر اس وقت دوبارہ حملے کیے گئے جب ہم امریکہ اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ مذاکرات کے دو نئے ادوار کی توقع کر رہے تھے۔

===========================================================

حزب اللہ کے حملوں کے بعد اسرائیل کے لبنان میں فضائی حملے، 31 افراد ہلاک

ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد مشرقِ وسطیٰ کے کئی ملک اب جنگ کی لپیٹ میں آ رہے ہیں اور لبنان ان میں ایک حالیہ اضافہ ہے۔

اتوار کو لبنان کی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل میں راکٹ، میزائل اور ڈرون داغے جس کے بعد اسرائیل نے پیر کو ایران میں نئے حملوں کے ساتھ لبنان میں بھی حملے کیے ہیں۔ لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں 31 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 149 زخمی ہیں۔

اسرائیل نے بیروت کے مضافاتی علاقوں میں فضائی حملے کیے ہیں اور اس کا کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ اسرائیل نے بیروت کے قریب حزب اللہ کے سینیئر جنگجوؤں کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ حزب اللہ مشرق وسطیٰ میں ایران کی ایک بڑی حلیف قوت ہے۔

اسرائیل نے لبنان کے 50 کے قریب دیہات اور سرحدی علاقوں سے ہزاروں لوگوں کو انخلا کی ہدایت کی ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ 'کشیدگی میں اضافے کی پوری ذمے داری' حزب اللہ پر عائد ہوگی۔

##ایران
##اسرائیل
##امریکہ
##جنگ