'یورپ تنازع کو بھڑکا رہا ہے'؛ یورپی یونین کے پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد قرار دینے پر ایران کا ردعمل

12:2430/01/2026, جمعہ
جنرل30/01/2026, جمعہ
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

یورپی یونین نے ایران کی پاسدارانِ انقلاب فوج کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے جس پر ایران کا جوابی ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔

جمعرات کو یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ کاجا کالاس نے کہا کہ یونین میں شامل تمام 27 ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اس عمل کی تائید کی ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی وجہ ایران میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں اس کی جانب سے مظاہرین پر کیا گیا سخت کریک ڈاؤن ہے۔

کاجا کالاس کے مطابق پاسدارانِ انقلاب اب القاعدہ، حماس اور داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں کی صف میں کھڑی ہو گی۔ ان کے بقول جو دہشت پھیلا کر کام کرتے ہیں ان کے ساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک ہی ہونا چاہیے۔

اس سے قبل امریکہ اور کینیڈا سمیت کئی دیگر ملک بھی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد قرار دے چکے ہیں۔ تاہم یہ اقدام علامتی حیثیت رکھتا ہے جس کا درحقیقت ایران کو کوئی نقصان تو نہیں ہوگا، البتہ اس پر دباؤ ضرور بڑھے گا۔

'یورپ تنازع کو ہوا دینے میں مصروف ہے'

یورپی یونین کے اس فیصلے کو ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے 'بڑی اسٹریٹیجک غلطی' قرار دیا ہے۔

جمعرات کو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں عراقچی نے کہا کہ 'کئی ممالک ہمارے خطے میں جنگ شروع ہونے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان میں سے کوئی بھی یورپی ملک نہیں ہے۔ یورپ تنازع کو ہوا دینے میں مصروف ہے۔'

ایران کی مسلح افواج نے بھی یورپی یونین کے اس فیصلے کو 'غیر منطقی اور غیر ذمہ دارانہ' قرار دیا ہے۔

##یورپی یونین
##ایران
##پاسدارانِ انقلاب