نیتن یاہو کو صدارتی معافی 'بس ملنے والی' ہے، ٹرمپ کا دعویٰ جو اسرائیلی صدر نے فوراً مسترد کر دیا

10:2030/12/2025, Salı
جنرل30/12/2025, Salı
ویب ڈیسک
ٹرمپ اور نیتن یاہو کی ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو
ٹرمپ اور نیتن یاہو کی ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد دعویٰ کیا کہ انہیں اسرائیلی صدر آئزیک ہرزوگ نے بتایا ہے کہ وہ نیتن یاہو کے لیے صدارتی معافی کا اعلان 'بس کرنے ہی والے' ہیں۔ ٹرمپ کے اس دعوے کے کچھ ہی دیر بعد اسرائیلی صدر کے دفتر نے اس کی تردید کر دی ہے۔

ٹرمپ کا نیتن یاہو سے متعلق کہنا تھا کہ 'وہ جنگ کے دوران کے وزیرِ اعظم ہیں اور ایک ہیرو ہیں۔ آپ انہیں کیسے معافی نہیں دیں گے؟'

ریاست فلوریڈا میں نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں امریکی صدر نے مزید کہا کہ 'میری اسرائیلی صدر سے بات ہوئی ہے۔۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ بس معافی نامہ جاری کرنے ہی والے ہیں۔'

امریکی صدر کے اس بیان پر اسرائیلی صدر کے دفتر نے کہا ہے کہ صدارتی معافی کے لیے درخواست چند ہفتے قبل جمع کرائی گئی ہے اور اس کے بعد سے صدر ہرزوگ کی ٹرمپ سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔

آئزیک ہرزوگ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی صدر کی ٹرمپ کے نمائندے سے بات ہوئی تھی اور انہیں بتا دیا گیا تھا کہ کوئی بھی فیصلہ پہلے سے مروجہ اصولوں کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

نیتن یاہو کو صدارتی معافی کیوں چاہیے؟

نیتن یاہو کو اسرائیل میں سنگین جرائم کے الزامات کا سامنا ہے اور 2019 میں ان پر فراڈ، رشوت لینے اور اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے الزامات کے تحت فردِ جرم بھی عائد کی جا چکی ہے۔ نیتن یاہو ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

نیتن یاہو نے صدارتی معافی کے لیے 30 نومبر کو درخواست جمع کرائی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ بار بار کی عدالتی سماعتیں ان کی حکومت کو متاثر کر رہی ہیں اور انہیں معافی دینا قومی مفاد میں ہے۔

چھ بار وزیرِ اعظم بننے والے نیتن یاہو کی اس درخواست پر ان کے سیاسی مخالفین انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ مقدمے کے دوران انہیں صدارتی معافی دینا قانون کی حکمرانی ختم کرنے کے مترادف ہوگا۔

اسرائیلی قانون کے مطابق صدر کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ مجرموں کی سزا معاف کر سکتے ہیں۔ لیکن ایسی کوئی مثال موجود نہیں کہ کسی کو ٹرائل کے دوران معافی دی گئی ہو۔

نیتن یاہو کو صدارتی معافی دلانے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سرگرم ہیں۔ ٹرمپ نے اسرائیلی صدر کو خط بھی لکھا ہے جس میں ان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ نیتن یاہو کو معافی دیں۔ ٹرمپ نے نیتن یاہو کے خلاف مقدمات کو سیاسی اور ناانصافی پر مبنی قرار دیا یے۔


##اسرائیل
##نیتن یاہو
##ڈونلڈ ٹرمپ
##صدارتی معافی