میرا ہدف صرف معصوم لوگوں کی زندگیاں بچانا تھا: بونڈائی بیچ پر حملہ آور کو روکنے والے مسلم ہیرو احمد الاحمد کا بیان

15:3929/12/2025, Pazartesi
جنرل29/12/2025, Pazartesi
ویب ڈیسک
احمد الاحمد
احمد الاحمد

آسٹریلیا کے بونڈائی بیچ حملے میں ایک حملہ آور کو روکنے اور اس سے بندوق چھیننے والے عالمی ہیرو احمد الاحمد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ حملہ آوروں کو معصوم لوگوں کو مارنے سے روکنا چاہتے تھے۔

سی بی ایس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں شامی نژاد آسٹریلوی شہری احمد نے کہا کہ ؛میرا ہدف صرف یہ تھا کہ اس سے بندوق چھین کر اسے معصوم لوگوں کی جان لینے سے روک دوں۔'

14 دسمبر کو سڈنی کے بونڈائی ساحل پر دو حملہ آوروں نے اس وقت لوگوں پر فائرنگ کی تھی جب ساحل پر یہودیوں کا ایک مذہبی تہوار منعقد کیا جا رہا تھا۔ حملہ آور باپ اور بیٹے تھے جنہوں نے 15 افراد کو ہلاک اور 42 کو زخمی کر دیا تھا۔ پولیس اسے دہشت گرد حملہ قرار دے چکی ہے۔

احمد الاحمد نے اس حملے کے دوران اپنی جان پر کھیلتے ہوئے ایک حملہ آور سے بندوق چھین لی تھی۔ ان کی اس بہادری کی عالمی سطح پر ستائش ہوئی اور انہیں ہیرو قرار دیا گیا۔

احمد الاحمد شام میں پیدا ہوئے تھے اور 2006 میں وہ آسٹریلیا آئے تھے۔ وہ دو بیٹیوں کے والد ہیں۔ حملہ آور کو پکڑنے کی کوشش میں ان کے کاندھے پر چار سے پانچ گولیاں لگی تھیں اور وہ اب بھی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

احمد کے بقول انہوں نے اس وقت کسی چیز کی فکر نہیں کی، سوائے اس کے کہ وہ اپنی کوشش سے کتنے لوگوں کی زندگیاں بچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ میں نے کافی لوگوں کو بچا لیا لیکن مجھے ان لوگوں کا افسوس ہے جو اس حملے میں مارے گئے۔

احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے حملہ آور کو غیر مسلح کرنے کے لیے عقب سے اس پر چھلانگ لگائی اور اسے مار کر بندوق چھیننے کی کوشش کی۔

'میں نے اسے اپنے دائیں بازو سے پکڑا ہوا تھا اور میں اسے خبردار کر رہا تھا کہ اپنے بندوق چھوڑ دو۔ جو تم کر رہے ہو، رک جاؤ۔ اور یہ سب بہت تیزی سے ہوا۔'

انہوں نے واقعے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ 'مجھے ایسا لگا کہ جیسے میرے ذہن اور جسم میں بہت طاقت آ گئی ہو۔ میں یہ نہیں دیکھنا چاہتا تھا کہ لوگ میرے سامنے مر رہے ہیں۔ میں اس کی بندوق کی آواز نہیں سننا چاہتا تھا۔ میں لوگوں کو چیختا اور رحم کی بھیک مانگتا نہیں دیکھنا چاہتا تھا۔ اسی لیے میرے ضمیر نے مجھے ایسا کرنے پر قائل کیا۔'

آسٹریلوی وزیرِ اعظم اینتھونی البانیز نے احمد الاحمد کو ملک کا بہترین سرمایہ قرار دیا ہے۔

##آسٹریلیا
##مسلم ہیرو
##بونڈائی بیچ حملہ