کیا اے آئی اخراجات کم کرنے اور پیسے بچانے میں آپ کی مدد کر سکتا ہے؟

11:4716/12/2025, منگل
جنرل16/12/2025, منگل
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایک حالیہ تحقیق کے مطابق بہت سے لوگ اپنے مالی معاملات اور حساب کتاب رکھنے کے لیے اے آئی استعمال کر رہے ہیں۔ کیا اے آئی ان کے لیے بچت بڑھانے اور اخراجات کم کرنے میں معاون ثابت ہو رہا ہے؟

تاکی وونگ کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں قائم ایک ٹیکنالوجی کمپنی کے شریک بانی ہیں۔ 27 سالہ وونگ کا زیادہ تر وقت پیشہ ور افراد کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ٹولز بنانے میں گزرتا ہے۔ اور اسی مصروفیت کے دوران وہ اپنے پیسے مینیج کرنے کے لیے بھی اے آئی ٹولز کا سہارا لیتے ہیں۔

وہ گوگل کے جیمینائی اے آئی ماڈل کو اپنی اخراجات کی تفصیلات جمع کرنے اور خود کو مشورے دینے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ وونگ کے بقول 'مجھے لگتا ہے کہ میرے پاس ایک ذاتی فائنانشل ایڈوائزر ہے جو 24 گھنٹے میرے ساتھ موجود رہتا ہے۔'

'ہر مہینے میں اپنے کریڈٹ کارڈ سے کیے گئے تمام اخراجات اور ان دیگر چیزوں کی تفیصلات جن پر میں نے پیسے خرچ کیے ہوں، وہ میں اے آئی کو دیتا ہوں۔ اور وہ مجھے بتاتا ہے کہ تم چپوٹلے بہت زیادہ کھا رہے ہو یا شاید تم اس ریسٹورینٹ بہت زیادہ جا رہے ہو۔ اور اے آئی ان تفیصلات سے میری بچت اور سرمایہ کاری کا بھی حساب رکھتا ہے۔

تاکی وونگ کہتے ہیں کہ جیمینائی اے آئی نے ان کے اخراجات کم کرنے میں مدد کی ہے۔ پہلے وہ کھانے پر 600 ڈالر خرچ کرتے تھے اور ٹی وی سبسکرپشنز پر 300 ڈالرز خرچ کرتے تھے۔ اب یہ اخراجات کم ہو کر بالترتیب 200 اور 50 ڈالرز تک رہ گئے ہیں جو اے آئی کی بدولت ممکن ہوا ہے۔

تاہم وونگ اے آئی کے ساتھ اپنا ذاتی ڈیٹا شیئر کرنے پر محتاط بھی ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ 'میں کبھی اپنا کوئی بینک اکاؤنٹ اس کے ساتھ منسلک نہیں کرتا۔ میں صرف اعداد و شمار فراہم کرتا ہوں جو میرے اصل اخراجات ہوتے ہیں۔'

مالی معاملات میں اے آئی ٹولز کا بڑھتا استعمال

ستمبر میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ تر امریکی جو اے آئی ٹولز استعمال کرتے ہیں، وہ انہیں مالی معاملات کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ ان میں 82 فیصد جین زی اور ملینیلز شامل ہیں۔

اسی طرح برطانیہ میں بھی ہر تین میں سے تقریباً ایک شخص اپنے ذاتی مالی معاملات کے لیے اے آئی استعمال کرتا ہے۔

تاہم ماہرین کہتے ہیں کہ اگرچہ اے آئی بہت اچھا ٹول ہے لیکن ہمیں اسے احتیاط سے استعمال کرنا چاہیے۔ پرسنل ڈویلپمنٹ پوڈکاسٹ کرنے والے جارڈن اڈورڈز کے مطابق 'اے آئی آپ کو ہر چیز کا جواب دے گا لیکن آپ کو جواب کی تصدیق کرنی چاہیے کہ یہ درست ہے یا نہیں۔'

کیا آپ کو بھی مالی معاملات کے لیے اے آئی استعمال کرنا چاہیے؟

تاکی وونگ کہتے ہیں کہ اے آئی ایک بہت اچھا ٹول ہے جو آپ کا بہت وقت بچاتا ہے اور نشان دہی بھی کرتا ہے کہ آپ کہاں سے پیسے بچا سکتے ہیں۔

تاہم ماہرین کہتے ہیں کہ جب بھی کسی چیز پر آپ کو کوئی شک محسوس ہو تو اس کی تصدیق کر لیں۔

دوسری جانب ڈیٹا شیئر کرنے میں بھی احتیاط برتنی چاہیے۔ آپ کوئی بینک اکاؤنٹ اس کے ساتھ کنیکٹ نہ کریں تاکہ کسی غلط استعمال سے محفوظ رہ سکیں۔ صرف وہی ڈیٹا شیئر کریں جس کے بارے میں آپ مطمئن ہوں کہ اس کے غلط استعمال سے آپ کو نقصان نہیں پہنچ سکتا۔

(یہ تحریر خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے ماخوذ ہے)

##اے آئی
##بچت
##فائنانشل ایڈوائزر