شہباز شریف کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ، علاقائی امور پر تبادلۂ خیال

10:471/01/2026, جمعرات
جنرل1/01/2026, جمعرات
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا بدھ کو ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

شہباز شریف نے جمعرات کو 'ایکس' پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ان کا ولی عہد محمد بن سلمان سے رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان خوش گوار گفتگو ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حالیہ چند ماہ میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچے ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مکمل یک جہتی کرتا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا جس میں مسلم امہ میں اتحاد کی ضرورت، مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے علاقائی امن و استحکام برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

شہباز شریف نے شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ عزم دہرایا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام امور پر تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

وزیرِ اعظم کے مطابق سعودی ولی عہد نے رواں سال پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا۔

واضح رہے کہ ایسا ہی ایک بیان گزشتہ روز وزیرِ اعظم کے دفتر سے بھی جاری ہوا تھا جب شہباز شریف نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کی تھی جس میں علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے منگل کو رحیم یار خان جا کر متحدہ عرب امارات کے صدر سے بھی ملاقات کی تھی۔ یاد رہے کہ حال ہی میں یمن کے معاملے پر متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے تعلقات میں ترشی دیکھنے میں آئی ہے جب کہ پاکستان کے دونوں ہی ملکوں سے قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں۔


##پاکستان
##سعودی عرب
##متحدہ عرب امارات