کینیڈا کے ایک ہائی اسکول میں ماس شوٹنگ؛ 'خاتون حملہ آور' کی فائرنگ سے 10 افراد ہلاک، متعدد زخمی

09:3611/02/2026, Çarşamba
جنرل11/02/2026, Çarşamba
ویب ڈیسک
ٹمبلر رج سیکنڈری اسکول، جہاں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
ٹمبلر رج سیکنڈری اسکول، جہاں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

کینیڈا میں حالیہ تاریخ کا سب سے ہلاکت خیز فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ منگل کو ایک حملہ آور نے ہائی اسکول میں فائرنگ کر کے متعدد افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ ایک خاتون حملہ آور نے کی جو خود بھی اس واقعے میں ہلاک ہو گئی ہے۔ مجموعی طور پر حملہ آور سمیت 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

واقعہ کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے علاقے ٹمبلر رج میں پیش آیا۔ ہائی اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے جب کہ دو افراد ایک گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے جن کے بارے میں پولیس کو شبہ ہے کہ یہ دونوں واقعے ایک دوسرے سے منسلک ہو سکتے ہیں۔

پولیس کے مطابق چھ افراد ہائی اسکول میں مردہ حالت میں پائے گئے، دو افراد ایک رہائش گاہ میں مردہ حالت میں ملے جب کہ ایک شخص اسپتال منتقلی کے دوران ہلاک ہوا۔ جب کہ مشتبہ حملہ آور خاتون بھی مردہ حالت میں پائی گئیں۔

واقعے میں 27 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔

پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور مردہ حالت میں ملی اور یہ معلوم ہوتا ہے کہ شاید اس نے خودکشی کر لی۔ پولیس نے حملہ آور کے بارے میں زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں تاہم صرف یہ بتایا کہ وہ ایک خاتون تھیں۔

جس ہائی اسکول میں واقعہ پیش آیا ہے وہاں 160 طلبہ زیرِ تعلیم ہیں جن کی عمریں 12 سے 18 سال کی درمیان ہیں۔ تاہم پولیس کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ ہلاک افراد میں کتنے طلبہ شامل ہیں۔ اسکول حکام نے ہفتے بھر کے لیے اسکول بند کر دیا ہے۔

کینیڈا کے پڑوسی ملک امریکہ میں ماس شوٹنگ کے واقعات عام ہیں اور اسکولوں میں بھی کئی واقعات پیش آ چکے ہیں۔ مگر کینیڈا میں ماس شوٹنگ کے واقعات اس تواتر سے نہیں ہوتے۔ اسے ملک کی حالیہ تاریخ کی سب سے ہلاکت خیز ماس شوٹنگ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

کینیڈا میں اس سے قبل اپریل 2020 میں ایک بڑا واقعہ پیش آیا تھا جب 51 سالہ ایک شخص نے پولیس اہلکار کا بھیس بدل کر 22 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ یہ ماس شوٹنگ 13 گھنٹوں تک جاری رہی تھی جس کے بعد پولیس نے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

##کینیڈا
##ماس شوٹنگ
##فائرنگ
##حملہ