ٹی 20 ورلڈ کپ: اب تک کون سی ٹیمیں سپر ایٹ میں پہنچ چکی ہیں؟

09:5117/02/2026, منگل
جنرل18/02/2026, بدھ
ویب ڈیسک
سری لنکن کھلاڑی آسٹریلوی بیٹر کو آؤٹ کرنے کے بعد خوشی منا رہے ہیں۔
سری لنکن کھلاڑی آسٹریلوی بیٹر کو آؤٹ کرنے کے بعد خوشی منا رہے ہیں۔

۔اگر آج زمبابوے آئرلینڈ کو ہرانے میں کامیاب ہوئی تو 2009 کے بعد پہلی بار آسٹریلیا گروپ مرحلے میں ہی باہر ہو جائے گی

ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں دفاعی چیمپیئن اور دنیا کی بہترین ٹیموں میں شمار ہونے والی آسٹریلوی ٹیم شدید مشکل اور غیر یقینی کی صورتِ حال سے دوچار ہے جب کہ میزبان سری لنکا، جو 2024 کے ورلڈ کپ میں پہلی بار پہلے مرحلے میں ہی باہر ہو گئی تھی، اب باآسانی سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کر گئی ہے۔

آسٹریلیا پیر کو سری لنکا سے بھی میچ ہارنے کے بعد سپر ایٹ میں پہنچنے کی ریس میں فی الحال تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم گروپ بی کا حصہ ہے اور سری لنکا سے قبل وہ زمبابوے سے بھی اپ سیٹ شکست کھا چکی ہے۔

اس وقت گروپ بی میں سری لنکا تین میچز کھیل کر اور تینوں جیت کر سپر ایٹ کے لیے کوالی فائی کر چکی ہے۔ دوسرے نمبر پر زمبابوے براجمان ہے جس نے دو میچ کھیلے اور دونوں میں کامیابی حاصل کر کے چار پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

آسٹریلیا تین میچز کھیل چکی ہے جس میں سے دو میں شکست کے بعد اس کے صرف دو پوائنٹس ہیں۔ اب آسٹریلیا کا صرف ایک میچ باقی ہے اور سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کے امکانات کو زندہ رکھنے کے لیے اسے وہ میچ لازمی جیتنا ہوگا۔

اگر زمبابوے اپنے دونوں میچز ہار جائے اور آسٹریلیا اپنا آخری میچ اچھے مارجن سے جیتے تو رن ریٹ کی بنیاد پر فیصلہ ہوگا کہ دونوں میں سے کون سی ٹیم اگلے مرحلے میں پہنچے گی۔

اور اگر زمبابوے آج آئرلینڈ کو ہرانے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو آسٹریلیا کی ٹیم 2009 کے بعد پہلی بار گروپ مرحلے میں ہی ایونٹ سے باہر ہو جائے گی۔

گروپ بی کے بعد اگر باقی گروپس کا جائزہ لیں تو گروپ اے میں پاکستان کی ٹیم بھی مشکلات سے دوچار ہے۔ گروپ اے میں انڈیا چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر جب کہ امریکہ کی ٹیم چار پوائنٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر ہے۔

پاکستان کے بھی چار پوائنٹس ہیں لیکن رن ریٹ کم ہونے کی وجہ سے وہ تیسرے نمبر پر ہے۔ تاہم پاکستان کے سپر ایٹ میں پہنچنے کے امکانات اس لیے برقرار ہیں کہ اس نے اپنا ایک میچ نمیبیا کے خلاف کھیلنا ہے اور فتح کی صورت میں وہ اگلے مرحلے میں پہنچ جائے گی۔

گروپ سی سے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ دونوں سپر ایٹ کے لیے کوالی فائی کر چکے ہیں۔ جب کہ گروپ ڈی میں ساؤتھ افریقہ کی ٹیم تو اگلے مرحلے میں پہنچ چکی ہے جب کہ دوسری ٹیم کے لیے نیوزی لینڈ اور افغانستان میں مقابلہ ہے۔ دونوں میں سے کوئی ایک ٹیم سپر ایٹ میں پہنچے گی اور غالب امکان یہی ہے کہ وہ ٹیم کیویز کی ہوگی۔

##آسٹریلیا
##سری لنکا
##ٹی 20 ورلڈ کپ