امریکی سینیٹ نے ٹرمپ کے جنگی اختیارات محدود کرنے سے متعلق قرارداد آگے بڑھانے کی منظوری دے دی

12:3620/05/2026, Çarşamba
جنرل20/05/2026, Çarşamba
ویب ڈیسک
امریکی کانگریس کی عمارت کا بیرونی منظر
امریکی کانگریس کی عمارت کا بیرونی منظر

امریکی سینیٹ نے منگل کو صدر کے جنگی اختیارات محدود کرنے سے متعلق ایک قرارداد کو آگے بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔ اگر یہ قرارداد اگلے مراحل بھی پار کر لیتی ہے تو اس کے تحت ایران کے خلاف جنگ اس وقت تک ختم کرنا ہوگی جب تک صدر ڈونلڈ ٹرمپ کانگریس سے باضابطہ اجازت حاصل نہ کر لیں۔

یہ اقدام امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے آغاز کے تقریباً 80 دن بعد صدر ٹرمپ کے لیے ان کی اپنی جماعت کی جانب سے ایک غیر معمولی چیلنج تصور کیا جا رہا ہے۔

قرارداد کو آگے بڑھانے کے لیے ہونے والی ابتدائی ووٹنگ میں 50 کے مقابلے میں 47 ووٹ آئے۔ صدر ٹرمپ کی جماعت ریپبلکن پارٹی کے چار سینیٹرز نے تمام ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جب کہ تین ریپبلکن سینیٹرز ووٹنگ میں شریک نہیں ہوئے۔

یہ نتیجہ ان قانون سازوں کے لیے کامیابی قرار دیا جا رہا ہے جو یہ مؤقف رکھتے ہیں کہ آئین کے مطابق جنگ میں فوج بھیجنے کا اختیار کانگریس کو حاصل ہے نہ کہ صدر کو۔ تاہم یہ صرف ابتدائی مرحلے کی ووٹنگ تھی اور قرارداد کو نافذ العمل ہونے کے لیے ابھی کئی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

اگر یہ قرارداد 100 رکنی سینیٹ سے منظور بھی ہو جاتی ہے تو اسے ریپبلکن اکثریت والے ایوانِ نمائندگان سے بھی منظوری درکار ہوگی۔ اس کے بعد صدر ٹرمپ کے ممکنہ ویٹو کو مسترد کرنے کے لیے دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت درکار ہوگی۔

ورجینیا سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ سینیٹر ٹم کین، جنہوں نے یہ قرارداد پیش کی، کا کہنا تھا کہ جنگ بندی صدر ٹرمپ کے لیے ایک بہترین موقع ہے کہ وہ ایران جنگ سے متعلق اپنی حکمتِ عملی کانگریس کے سامنے رکھیں۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ خود کہہ چکے ہیں کہ تہران نے جنگ ختم کرنے کے لیے نئی تجاویز پیش کی ہیں۔

بحث کے دوران ٹم کین نے کہا 'یہ بالکل مناسب وقت ہے کہ جنگ دوبارہ شروع ہونے سے پہلے اس پر بحث کی جائے۔ صدر کو امن اور سفارتی تجاویز موصول ہو رہی ہیں لیکن وہ انہیں ہمارے ساتھ شیئر کیے بغیر مسترد کر رہے ہیں۔'

رواں سال سینیٹ میں اس نوعیت کی سات سابقہ کوششیں ریپبلکن ارکان روک چکے ہیں جب کہ ایوانِ نمائندگان میں بھی تین جنگی اختیارات کی قراردادیں معمولی فرق سے ناکام بنائی جا چکی ہیں۔

#ٹرمپ
#امریکی سینیٹ
#کانگریس
#جنگی اختیارات
#ایران