
ایران کی ناکہ بندی کرنے والی امریکی فورسز کی جانب سے ایک ایرانی پرچم بردار جہاز کو تحویل میں لیے جانے کے بعد ایک طرف دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی دوری اور کشیدگی مزید بڑھ رہی ہے تو وہیں تیل کی قیمتوں میں پیر کو پھر اچھال آیا ہے۔
ایرانی جہاز کو تحویل میں لینے کی کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ 'امریکی میرینز اتوار کو یو ایس ایس ٹریپولی جہاز سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے روانہ ہوئے اور رسی کے ذریعے ایرانی جہاز 'توسکا' پر اترے۔'
سینٹرل کمانڈ نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یو ایس ایس سپروئنس نے توسکا کے انجن کو غیر فعال کر دیا۔ کیوں کہ اس جہاز نے امریکی فورسز کی جانب سے چھ گھنٹے تک دی جانے والی بار بار کی وارننگز پر عمل نہیں کیا۔
سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جہاز کو قبضے میں لینے کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں ایک کارگو جہاز کو پیغامات بھیجنے کے بعد اس کی سمت میں فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ جہاز کو قبضے میں لینے کی اطلاع سب سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر دی تھی۔
ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ امریکی فورسز نے آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی کو عبور کرنے کی کوشش کرنے والے ایرانی پرچم والے ایک کارگو جہاز کو روک کر اسے تحویل میں لے لیا ہے۔
ٹرمپ کے مطابق امریکی اہلکاروں نے پہلے جہاز کو وارننگ دی، ایرانی عملے نے وارننگ پر توجہ نہیں دی تو ہماری نیوی کے جہاز نے انجن روم کو نقصان پہنچا کر اسے وہیں روک دیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ جہاز امریکی محکمۂ خزانہ کی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہے کیوں کہ اس کا پہلے بھی غیر قانونی سرگرمیوں کا ریکارڈ ہے اور اب جہاز میں موجود اشیا کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایران نے کارروائی کو 'بحری قزاقی' قرار دے دیا
ایران کی مسلح افواج نے اس کارروائی کو 'مسلح بحری قزاقی' قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا جواب دیا جائے گا۔
ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایرانی بحری جہاز پر امریکی فوج کی فائرنگ اور اسے تحویل میں لینا جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس اقدام کا جواب جلد دیا جائے گا۔
ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف جنگ بندی کی خلاف ورزی کی بلکہ سمندری راہزنی کا ارتکاب بھی کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ امریکی فورسز نے بحیرہ عمان میں ایران کے ایک تجارتی جہاز پر فائرنگ کی، اس کے نیویگیشن سسٹم کو ناکارہ بنایا اور اپنے مسلح میرینز کو جہاز پر اتار کر اسے قبضے میں لینے کی کوشش کی۔
بے یقینی اور تیل کی قیمتیں
اس اقدام کے بعد ایک طرف پاکستان میں پیر کو ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور کے بارے میں بے یقینی پیدا ہو گئی ہے۔ ٹرمپ نے پیر کی رات مذاکرات کے لیے اپنا وفد پاکستان بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے جب کہ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ تہران فی الحال اپنا وفد پاکستان نہیں بھیج رہا۔
ادھر بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو پھر پر لگ گئے ہیں۔ برینٹ کروڈ کی قیمت میں 4.7 فیصد اضافے کے بعد 94.6 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔






