پاکستان نے ایران - امریکہ مذاکرات کی کوششیں تیز کر دیں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے دورۂ تہران کا امکان

12:0521/05/2026, جمعرات
جنرل21/05/2026, جمعرات
ویب ڈیسک
جنرل عاصم منیر نے گزشتہ ماہ بھی ایران کا دورہ کیا تھا اور ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کی تھیں۔
جنرل عاصم منیر نے گزشتہ ماہ بھی ایران کا دورہ کیا تھا اور ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کی تھیں۔

امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک کی کیفیت آنے اور ٹرمپ کی جانب سے حملے دوبارہ شروع کرنے کی دھمکیوں کے بعد پاکستان نے دونوں ملکوں کے درمیان ثالثی اور امن مذاکرات کی اپنی سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

تہران کا کہنا ہے کہ وہ واشنگٹن کے حالیہ جوابات کا جائزہ لے رہا ہے جب کہ ٹرمپ نے ایران کو چند دن کا وقت دیتے ہوئے دوبارہ حملے شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

اس صورتِ حال میں پاکستانی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے ایران کے دوروں کو بھی خاصی اہمیت کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔ وہ ایک ہفتے میں دوسری بار ایران کا دورہ کر رہے ہیں اور اب بھی تہران میں موجود ہیں جہاں ان کی ایرانی قیادت سے ملاقاتیں جاری ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی ایران کے دورے پر روانہ ہو سکتے ہیں۔

رائٹرز کو مذاکرات سے آگاہ تین ذرائع نے بتایا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر جمعرات کو فیصلہ کریں گے کہ آیا وہ تہران کا دورہ کریں گے یا نہیں۔

اس سے قبل ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی 'اسنا' نے بھی کہا ہے کہ جنرل عاصم منیر مشاورت کے لیے جمعرات کو ایران کا دورہ کریں گے۔

اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کرتے ہوئے ایک ذریعے نے بتایا کہ 'ہم ایران میں مختلف گروپس کے ساتھ بات کر کے رابطوں کو ترتیب میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ چیزیں تیز ہو سکیں۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'ٹرمپ کا صبر جواب دے رہا ہے جو تشویش ناک ہے لیکن ہم رابطے تیز کرنے پر کام کر رہے ہیں جن کے ذریعے دونوں فریقین کے درمیان پیغام رسانی ہو رہی ہے۔'

واضح رہے کہ ایران نے رواں ہفتے امریکہ کو اپنی نئی تجاویز بھجوائی تھیں۔ دونوں فریقین اپنے اپنے مؤقف پر قائم ہیں جن میں بہت بڑا فرق ہے جس کے باعث مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔

#پاکستان
#ایران
#امریکہ
#عاصم منیر
#ایران امریکہ مذاکرات