امریکہ نے وینزویلا کے تیل کی ترسیل سے منسلک مزید دو بحری جہاز قبضے میں لے لیے، روسی پرچم والا آئل ٹینکر بھی شامل

10:068/01/2026, جمعرات
جنرل8/01/2026, جمعرات
ویب ڈیسک
امریکی کوسٹ گارڈ کا ایک اہلکار روسی پرچم والے جہاز کا دوربین سے معائنہ کر رہا ہے۔
امریکی کوسٹ گارڈ کا ایک اہلکار روسی پرچم والے جہاز کا دوربین سے معائنہ کر رہا ہے۔

امریکہ نے وینزویلا کے تیل کی ترسیل سے منسلک دو بحری آئل ٹینکرز کو بحرِ اوقیانوس سے قبضے میں لے لیا ہے۔ ان میں سے ایک ٹینکر پر روس کا پرچم تھا۔

امریکی کوسٹ گارڈ پچھلے ایک ہفتے سے روسی پرچم والے آئل ٹینکر کا پیچھا کر رہے تھے جس کا موجودہ نام 'مرینیرا' تھا اور اس سے قبل یہ 'بیلا ون' نام استعمال کر رہا تھا۔ یہ تعاقب بدھ کو ختم ہوا جب امریکی فوج کی یورپی کمان نے اعلان کیا کہ انہوں نے اس ٹینکر کو 'امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی' کے الزام میں تحویل میں لے لیا ہے۔

ٹینکر کے قریب روسی آب دوز اور کشتیاں موجود ہونے کا خدشہ تھا جس کی وجہ سے اس آپریشن کے دوران امریکہ اور روسی فورسز کے آمنے سامنے آنے کا بھی خطرہ تھا۔

بعض رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ روس نے اس جہاز کو امریکہ کے قبضے میں جانے سے بچانے کے لیے اپنی آب دوز اور کشتیاں روانہ کی ہیں۔ تاہم امریکی فورسز اس جہاز کو روکنے میں کامیاب رہیں اور روسی فورسز سے ان کا آمنا سامنا نہیں ہوا۔

روس نے اپنے پرچم والے جہاز کو قبضے میں لینے کی مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ جہاز پر موجود روسی عملے کے ساتھ احترام سے پیش آئے اور انہیں جلد روس لوٹنے کی اجازت دی جائے۔

روس کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ اس نے جہاز کو روسی پرچم استعمال کرنے کی 'عارضی اجازت' دی تھی۔ وزارت کے مطابق کسی ریاست کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ دوسری ریاستوں کی حدود میں رجسٹرڈ جہازوں کے خلاف طاقت کا استعمال کرے۔

امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ 'یہ جعلی روسی آئل ٹینکر تھا۔ وہ دراصل خود کو روسی آئل ٹینکر کے طور پر دکھانا چاہ رہے تھے تاکہ پابندیوں سے بچ سکیں۔'

امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وینزویلا کے پابندی شدہ اور غیر قانونی تیل کی ناکہ بندی پوری قوت سے جاری رہے گی چاہے وہ دنیا میں کہیں بھی ہو۔

بدھ کو جو دوسرا ٹینکر امریکی کوسٹ گارڈ نے تحویل میں لیا، اس پر بھی وینزویلا کے تیل کی ترسیل ہو رہی تھی اور پاناما کا پرچم تھا۔ ان دو ٹینکرز کو ملا کر امریکہ اب تک وینزویلا کے تیل کی ترسیل کے الزام میں مجموعی طور پر چار بحری آئل ٹینکرز قبضے میں لے چکا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ ٹینکرز ایران اور وینزویلا سے غیر قانونی تیل کی ترسیل کرنے والے 'شیڈو فلیٹ' کا حصہ ہیں۔ واضح رہے کہ ایران اور وینزویلا پر امریکہ اور مغربی ملکوں کی جانب سے تیل کی فروخت پر پابندیاں عائد ہیں۔

##امریکہ
##روسی ٹینکر
##وینزویلا
##آئل