
اسپین میں ایک تیز رفتار ٹرین پٹڑی سے اتر کر مخالف سمت سے آنے والی دوسری ہائی اسپیڈ ٹرین سے ٹکرا گئی۔ اتوار کی شام ہونے والے اس تصادم میں 39 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
حادثہ اسپین کے جنوبی صوبے کورڈوبا میں پیش آیا۔ حادثے کا مقام اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ سے تقریباً 360 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔
تصادم کے وقت مخالف سمت سے آنے والی دوسری ٹرین کی رفتار 200 کلو میٹر فی گھنٹہ کے قریب تھی۔ پٹڑی سے اترنے والی پہلی ٹرین کی رفتار واضح نہیں۔
ٹرین ٹکرانے سے دوسری ٹرین کی کئی بوگیاں ٹریک سے اتر کر نیچے جا گریں اور دونوں ٹرینوں کی کئی بوگیاں ایک دوسرے میں گھس کر مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔

حادثہ مقامی وقت کے مطابق شام پونے آٹھ بجے پیش آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں پہلے دو ڈبوں کے مسافر سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
دونوں ٹرینوں میں تقریباً 400 مسافر سوار تھے جن میں سے بیش تر اسپین کے ہی شہری تھے۔ فی الحال سیاحوں کی تعداد واضح نہیں۔
اسپین کے وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔ انہوں نے ٹرین کے پٹڑی سے اترنے کو بھی انتہائی 'عجیب' قرار دیا۔ وزیر کا کہنا تھا کہ ٹریک کے اس حصے کی تعمیرِ نو مئی میں مکمل ہوئی تھی۔
اسپین کے وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز نے ایکس پر اپنے بیان میں واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'آج کی رات ہمارے ملک کے لیے بہت دردناک رات ہے۔'






