اگر کسی پڑوسی ملک کی زمین حملے میں استعمال ہوئی تو وہ بھی دشمن تصور ہوگا: ایران کی تنبیہ

11:0628/01/2026, بدھ
جنرل28/01/2026, بدھ
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی پڑوسی ملک کی سرزمین اس پر حملے میں استعمال ہوئی تو اسے دشمن تصور کیا جائے گا۔ دوسری جانب سعودی عرب نے ایران کو اپنی سرزمین حملے میں استعمال نہ ہونے دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ ریاض اپنی فضائی یا زمینی حدود ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی میں استعمال نہیں ہونے دے گا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق منگل کو ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں سعودی عرب نے یہ یقین دہائی کرائی۔

محمد بن سلمان نے واضح کیا کہ سعودی عرب کا مؤقف مستحکم ہے کہ ایران کی خود مختاری کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے خطے کی سلامتی و استحکام کے لیے تنازعات کا حل بات چیت سے نکالنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات بھی ایسا ہی بیان جاری کر چکا ہے جس میں اس نے ایران پر حملے میں اپنی حدود استعمال نہ ہونے دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

امریکہ کا طیارہ بردار جہاز اور جنگی بحری بیڑہ مشرقِ وسطیٰ میں داخل ہو چکا ہے جس کی وجہ سے یہ خدشہ موجود ہے کہ امریکہ ایران پر حملہ کر سکتا ہے۔ ایران اور امریکہ کی جانب سے سخت بیانات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ایران کی تنبیہ

ایران نے اپنے پڑوسی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی ممکنہ حملے میں ان کی زمین استعمال ہوئی تو انہیں بھی دشمن سمجھا جائے گا۔

ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر محمد اکبرزادے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'پڑوسی ملک ہمارے دوست ہیں، لیکن اگر ان کی زمینی، فضائی یا سمندری حدود ایران کے خلاف استعمال ہوئی تو انہیں بھی دشمن تصور کیا جائے گا۔'

نیا جنگی بیڑا ایران کی طرف بڑھ رہا ہے: ٹرمپ

ایران کی جانب سے یہ تنبیہ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ایران کو خبردار کیا ہے کہ ایک اور امریکی جنگی بحری بیڑا اس کی طرف بڑھ رہا ہے۔

ٹرمپ نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ 'ایک اور خوب صورت مسلح بحری بیڑا خوب صورتی سے ایران کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ وہ معاہدے پر راضی ہو جائیں گے۔'

ایرانی حکام کی جانب سے متعدد بیانات جاری کیے گئے ہیں جن میں تنبیہ کی گئی ہے کہ ملک پر کسی بھی حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔

##ایران
##امریکہ
##سعودی عرب