انڈیا کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کے پاکستان میں کرکٹ پر طویل المدتی اثرات ہوں گے: آئی سی سی

09:532/02/2026, Pazartesi
جنرل2/02/2026, Pazartesi
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں انڈیا سے میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ پر اس کے طویل المدتی اثرات ہو سکتے ہیں۔ آئی سی سی نے مسئلے کا باہمی طور پر کوئی قابلِ قبول حل تلاش کرنے پر بھی زور دیا ہے۔

گزشتہ روز حکومتِ پاکستان نے اپنی قومی ٹیم کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ سناتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ٹیم انڈیا کے ساتھ 15 فروری کو شیڈول میچ نہیں کھیلےگی۔

پاکستان کے اس اعلان پر اتوار کو آئی سی سی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسے پاکستان کے فیصلے کا معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے اپنی قومی ٹیم کو ورلڈ کپ میں جزوی طور پر شرکت کی ہدایت دی ہے۔

وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ طور پر مطلع کیے جانے کا منتظر ہے۔ تاہم جزوی شرکت کا فیصلہ کھیلوں کے عالمی ایونٹ کے بنیادی اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔ عالمی ایونٹ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ طے شدہ شیڈول کے مطابق ہر ٹیم سے برابری کی بنیاد پر مقابلہ کریں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کے ٹورنامنٹس کی بنیاد کھیل کی دیانت داری، مسابقت، تسلسل اور انصاف پر ہوتی ہے اور اس میں چنندہ میچز میں شرکت مقابلے کی روح اور تقدس کو مجروح کرتی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق وہ حکومتوں کے کردار کا احترام کرتی ہے مگر یہ فیصلہ عالمی کھیل یا دنیا بھر کے شائقین بشمول پاکستان کے لاکھوں مداحوں کے مفاد میں نہیں ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ پی سی بی غور کرے گا کہ اس فیصلے کے پاکستان میں کرکٹ پر کیا دیرپا نتائج ہوں گے۔ اس فیصلے کے اثرات کرکٹ کے عالمی ماحول پر بھی پڑیں گے جس کا پاکستان حصہ بھی ہے اور اس سے استفادہ بھی کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کی ترجیح ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد ہے اور یہ پی سی بی سمیت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سبھی ممبران کی ذمے داری بھی ہے۔ آئی سی سی امید کرتی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ایک ایسے فیصلے پر پہنچے گا جو سبھی کے لیے قابل قبول ہو اور سب فریقوں کے مفادات کا تحفظ کرے۔

##پاکستان
##آئی سی سی
##کرکٹ