
استنبول فنانشل سینٹر (آئی ایف سی ) نے امریکی ادارے انٹرنیشنل ایوارڈ ایسوسی ایٹ (آئی اے اے ) کی جانب سے منعقدہ ’ٹائٹن پراپرٹی ایوارڈز‘ میں تین مختلف شعبوں میں ایوارڈز حاصل کر کے عالمی رئیل سٹیٹ سیکٹر میں ایک اہم کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔
رئیل اسٹیٹ، کنسٹرکشن اور انٹیریئر ڈیزائن کے شعبوں میں دنیا کے نمایاں منصوبوں کا جائزہ لینے والے اس بین الاقوامی پروگرام میں استنبول فنانشل سینٹر کو کمرشل ہائی رائز، ’مکش یوز، آفس ڈیویلپمنٹ کیٹیگریز میں اعزازات سے نوازا گیا۔
بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں سے مربوط ایک مضبوط ماحولیاتی نظام فراہم کرنے کے لیے قائم استنبول فنانشل سینٹر نے ان ایوارڈز کے ذریعے خود کو عالمی معیار کے رئیل اسٹیٹ، دفتری اور کثیر المقاصد ترقیاتی منصوبے کے طور پر مزید نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔
گزشتہ پانچ برسوں میں مکمل ہونے والے منصوبوں کو تخلیقی صلاحیت، معیار اور وژن کی بنیاد پر جانچنے والے ’ٹائٹن پراپرٹی ایوارڈز‘ میں استنبول فنانشل سینٹر نے اپنے مربوط شہری منصوبہ بندی کے ماڈل کے باعث نمایاں مقام حاصل کیا۔

اسی طرح دفتری ڈیزائن، صارفین کے تجربے اور اعلیٰ معیار کے ورک اسپیسز کے اعتراف میں آفس ڈیویلپمنٹ کیٹیگری میں ’گولڈ ونر‘ ایوارڈ بھی حاصل ہوا۔
استنبول فنانشل سینٹر کیا ہے؟
بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں کے ساتھ مربوط ایک مضبوط مالیاتی ماحولیاتی نظام قائم کرنے کے لیے تشکیل دیا گیا استنبول فنانشل سینٹر قلیل مدت میں علاقائی اور عالمی مالیاتی مرکز بننے کے وژن کے تحت کام کر رہا ہے۔
اس مرکز میں سرکاری و نجی بینکوں، اثاثہ جاتی انتظامی کمپنیوں، بروکریج اداروں، انشورنس کمپنیوں اور پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو ایک ہی جگہ پر جمع کیا گیا ہے۔
ترکیہ کے مرکزی بینک (سی بی آر ٹی) اور بینکنگ ریگولیشن اینڈ سپرویژن ایجنسی (بی آر ایس اے) سمیت کئی اہم مالیاتی ادارے پہلے ہی یہاں منتقل ہو چکے ہیں، جبکہ کیپیٹل مارکیٹس بورڈ آف ترکیہ (سی بی ایم) اور بورسا استنبول کی بھی 2027 تک یہاں منتقلی متوقع ہے۔
1.3 ملین مربع میٹر دفتری رقبے، 100 ہزار مربع میٹر تجارتی و سماجی سرگرمیوں کے لیے مختص علاقے اور ایک کانگریس سینٹر پر مشتمل یہ منصوبہ کاروباری برادری کی تمام ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک جامع ماحول فراہم کرتا ہے۔
سمارٹ سٹی تصور کے تحت تیار کیا گیا استنبول فنانشل سینٹر اعلیٰ آپریشنل استحکام کے ساتھ ترکیہ کی معیشت اور مالیاتی منڈیوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے والا ایک اسٹریٹجک مرکز بن چکا ہے۔






