پاکستان نے کنڑ، خوست اور پکتیکا میں فضائی حملے کیے جن میں بچوں سمیت 13 شہری ہلاک ہو گئے: افغانستان کا الزام

10:2010/06/2026, بدھ
جنرل10/06/2026, بدھ
ویب ڈیسک
AA
پاک افغان سرحد کی ایک تصویر (فائل فوٹو)
پاک افغان سرحد کی ایک تصویر (فائل فوٹو)

افغانستان نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان نے بدھ کو اس کے تین صوبوں میں فضائی حملے کیے ہیں جن میں 13 شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ افغان حکام کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 11 بچے شامل ہیں۔

افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر جاری اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ پاکستان کے لڑاکا طیاروں نے ملکی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور گھروں پر حملے کیے۔ ترجمان کے بقول کنڑ، خوست اور پکتیکا صوبوں میں فضائی حملے کیے گئے۔

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ 11 بچے، ایک خاتون اور ایک معمر شخص ان حملوں میں ہلاک ہوئے ہیں جب کہ 14 خواتین و بچے زخمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'ہم انسانیت کے خلاف اس جرم اور جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔'

افغان حکومت کے ان الزامات پر پاکستان کی جانب سے فی الحال کوئی ردعمل نہیں آیا ہے۔ تاہم ماضی میں پاکستانی حکام یہ کہتے رہے ہیں کہ وہ انتہائی درستگی سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

پاکستان افغانستان سے مطالبہ کرتا آ رہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ دہشت گرد افغان سرزمین پر پناہ لیتے ہیں اور وہاں سے پاکستان میں حملے کرتے ہیں۔ افغانستان ان الزامات کو مسترد کرتا آیا ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان اس معاملے پر اختلافات کئی مہینوں سے برقرار ہیں اور اب تک کئی بار سرحدی جھڑپیں بھی ہو چکی ہیں۔ پاکستان کی جانب سے وقتاً فوقتاً افغانستان میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کے بھی کئی دور ہو چکے ہیں جو اب تک بے نتیجہ ثابت ہوئے ہیں۔

#پاکستان
#افغانستان
#فضائی حملے
#طالبان
#طالبان حکومت