امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدے طے پا گیا، دستخطی تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا

09:2315/06/2026, Pazartesi
جنرل15/06/2026, Pazartesi
ویب ڈیسک
تہران کے انقلاب اسکوائر پر قومی پرچم آویزاں ہے۔
تہران کے انقلاب اسکوائر پر قومی پرچم آویزاں ہے۔

امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدہ بالآخر طے پا گیا ہے۔ دونوں فریقین نے معاہدے کی تصدیق کر دی ہے جب کہ مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کرنے والے پاکستان کا کہنا ہے کہ معاہدے پر دستخط جمعے کو سوئٹزرلینڈ میں کیے جائیں گے۔

دونوں ملکوں کے درمیان معاہدہ طے پانے کا اعلان سب سے پہلے پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کیا۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں کہا کہ طویل مذاکرات کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے اور فریقین نے لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاہدے پر دستخط کی تقریب 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں ہوگی۔

وزیرِ اعظم پاکستان کے اس اعلان کے کچھ ہی دیر بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس کی تصدیق کی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ 'ایران کے ساتھ معاہدہ مکمل ہو چکا ہے۔ میں آبنائے ہرمز بغیر کسی ٹول کے مکمل طور پر کھولنے کی اجازت دیتا ہوں اور امریکہ کی جانب سے ایران کی بحری ناکہ بندی کے فوری خاتمے کی منظوری بھی دیتا ہوں۔

ٹرمپ نے معاہدے پر سب کو مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ اپنے بحری جہازوں کے انجن اسٹارٹ کر لیں اور تیل کی ترسیل شروع کر دیں۔

ایران کی جانب سے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں معاہدہ طے پانے کی تصدیق کی اور کہا کہ دستخط کی باضابطہ تقریب جمعے کو سوئٹزرلینڈ میں ہوگی۔

ایران کے نائب وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ قطر کے ثالثوں نے تہران میں امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدے کے مسودے پر اتفاق رائے کے لیے تقریباً 14 سے 15 گھنٹے طویل مذاکرات کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکراتی عمل میں بہت وقت لگا۔

کاظم غریب آبادی کے بقول 'ہم نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے مسودے کے متن میں حتمی ترامیم پیش کیں۔ بالآخر ان ترامیم کو قبول کر لیا گیا اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے متن کو حتمی شکل دے دی گئی۔'

انہوں نے مزید کہا کہ حتمی معاہدے پر 60 روز کے اندر مذاکرات ہوں گے جس کے دوران ایران کو 'کئی امور پر بات کرنی ہے اور اس کی اولین ترجیح اس پر عائد تمام پابندیوں کا خاتمہ ہے۔

معاہدہ طے پانے کے اعلان کے بعد کئی عالمی رہنماؤں کی جانب سے اسے اہم اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے اور پیغامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

امریکہ ایران معاہدے پر دستخط کی تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا: شہباز شریف

پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا۔

پیر کو پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ تقریب 19 جون کو سوئٹزرلینڈ کے شہر جینیوا میں ہوگی جس کی میزبانی اسلام آباد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران نے لبنان سمیت ہر محاذ پر فوجی کارروائیوں کے مستقل اور فوری خاتمے کا اعلان کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ صرف دو ممالک کے درمیان معاہدہ نہیں بلکہ امن اور مکالمے کی فتح ہے، سفارت کاری کی کامیابی اور جنگ کی تباہی ہے۔

وزیرِ اعظم پاکستان نے امریکی اور ایرانی قیادت کو مبارک باد پیش کی اور قطر، سعودی عرب اور ترکیہ کے کردار پر ان کے رہنماؤں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

تیل کی قیمتوں میں کمی اور سونے کی قدر میں اضافہ

امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے کی خبر سامنے آنے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے اور قیمتیں چار فیصد تک گر گئی ہیں۔

برینٹ کروڈ کی قیمت میں 3.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 84.02 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے، جب کہ امریکی منڈی میں فروخت ہونے والا تیل 4.1 فیصد کمی کے ساتھ 81.40 ڈالر فی بیرل تک گِر گیا۔

دوسری جانب سونے کی قیمتیں بڑھی ہیں اور فی اونس سونا 4300 ڈالر تک جا پہنچا ہے۔

#ایران
#امریکہ
#امریکہ ایران معاہدہ
#پاکستان
#ڈونلڈ ٹرمپ