
ڈومینیکن ریپبلک کے دارالحکومت سانتو ڈومنگو میں ایک نائٹ کلب کی چھت گرنے سے کم از کم 98 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں ایک صوبائی گورنر اور میجر لیگ بیس بال کے سابق کھلاڑی اوکٹاوِیو ڈوٹیل بھی شامل ہیں۔
یہ واقعہ منگل کی علی الصبح اُس وقت پیش آیا جب مشہور گلوکار روبی پیریز کے کنسرٹ کے دوران جیٹ سیٹ نامی نائٹ کلب کی چھت گر گئی۔ اطلاعات کے مطابق روبی پیریز بھی ملبے تلے پھنس گئے تھے۔
کلب کے اندر سیکڑوں افراد موجود تھے، اور تقریباً 400 ریسکیو اہلکار تاحال ملبے تلے زندہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

'جیٹ سیٹ' سانتو ڈومنگو کا ایک مشہور نائٹ کلب ہے، جہاں پیر کی شام کو باقاعدگی سے ڈانس میوزک کنسرٹس ہوتے ہیں۔ حادثے کے وقت وہاں سیاستدان، کھلاڑی اور دیگر معروف شخصیات بھی موجود تھیں۔
صدر لوئس ابیناڈر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں مونتے کرسٹی صوبے کی گورنر نیلسی کروز بھی شامل تھیں۔
کلب کے اندر سے لی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ اسٹیج کے سامنے میزوں پر بیٹھے ہیں اور کچھ پچھلے حصے میں موسیقی پر رقص کر رہے ہیں جبکہ گلوکار روبی پیریز گانا گنگنا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک اور موبائل ویڈیو میں اسٹیج کے قریب کھڑا ایک شخص چھت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’چھت سے کچھ گرا ہے‘۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکار روبی پیریز بھی اس جگہ کی طرف دیکھ رہے ہیں جس کی طرف اُس شخص نے اشارہ کیا تھا۔
30 سیکنڈ سے بھی کم وقت میں ایک زور دار آواز سنائی دیتی ہے اور ویڈیو اچانک بند ہو جاتی ہے، جبکہ ایک عورت کی آواز سنائی دیتی ہے جو چیخ کر کہہ رہی ہے ’ابو، آپ کو کیا ہوا؟‘
روبی پیریز کے ایک بینڈ ممبر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ حادثے کے وقت ’رات تقریباً 1 بجے کلب لوگوں سے بھرا ہوا تھا‘۔
اس موسیقار کا کہنا تھا کہ ’مجھے لگا جیسے زلزلہ آ گیا ہو۔‘






