سندھ میں ’انتہائی اونچے درجے کے سیلاب‘ سے 50 ہزار افراد بے گھر ہو سکتے ہیں: پی ڈی ایم اے
پنجاب کے دریاؤں کا سارا پانی پنجند کے مقام پر ایک دریا میں تبدیل ہو جائے گا اور اس کے بعد یہ بڑا سیلابی ریلا دریائے سندھ میں شامل ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں آٹھ لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا آ سکتا ہے جس کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Sindh CM @MuradAliShahPPP chaired flood emergency meeting. With 700,000–800,000 cusecs of water expected at Guddu Barrage & rains forecast, he ordered full alert, deployment of 30k+ Rescue 1122 staff, 200+ boats & 500 relief camps to protect lives & livestock. pic.twitter.com/gDZ9MbRVTn
— Sindh Chief Minister House (@SindhCMHouse) August 29, 2025
جمعے کو وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے حکام نے مراد علی شاہ کو ایک بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ تین اور چار ستمبر کی درمیانی شب سکھر کے گڈو بیراج پر سات سے آٹھ لاکھ کیوسک پانی داخل ہونے کا امکان ہے۔
اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ اگر انتہائی اونچا سیلابی ریلا آیا تو 50 ہزار سے زیادہ خاندان بے گھر ہو سکتے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ نے سندھ کے شمالی اضلاع میں 30 ہزار سے زیادہ ریسکیو اہلکاروں کی تعیناتی کی ہدایات جاری کی ہیں۔
انڈیا میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں پانی پر چلنے والی گاڑی
انڈین آرمی کی یہ خاص گاڑی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔اس گاڑی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں اور یہ لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
چنیوٹ شہر کے قریب دریائے چناب کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور حکام کے مطابق دوپہر تین بجے وہاں پانی کا بہاؤ آٹھ لاکھ 55 ہزار کیوسک سے زیادہ ہے۔
دریائے چناب کا پانی چنیوٹ کے نشیبی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے اور درجنوں دیہات کے ساتھ کئی مرکزی سڑکیں بھی مکمل طور پر ڈوب چکی ہیں۔ جھنگ اور چنیوٹ کو ملانے والی سڑک بھی سیلاب میں ڈوبی ہوئی ہے۔ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو انخلا کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ سیلابی ریلا چند گھنٹوں بعد جھنگ کے قریب تریموں ہیڈورکس پر پہنچے گا۔ تریموں ہیڈ پر پانی گزرنے کی گنجائش تقریباً ساڑھے چھ لاکھ کیوسک ہے اور اس وقت دریائے چناب کا سیلابی ریلا اس گنجائش سے دو لاکھ کیوسک زیادہ ہے۔
مقامی ٹی وی ’جیو نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے جھنگ شہر کو سیلاب سے بچانے اور تریموں ہیڈ پر دباؤ کم کرنے کے لیے ریواز پل کے قریب بند کو کنٹرولڈ دھماکے سے اڑا دیا ہے۔
جھنگ شہر کو بچانے کےلئے ریواز ریلوے پل کے قریب ریلوے لائن پر بنے بند کو دھماکے سے اُڑا کر شگاف ڈال دیا گیا pic.twitter.com/gwlesbyZqb
دریائے چناب کا بڑا سیلابی ریلا ہیڈ قادر آباد کراس کرنے کے بعد اب چنیوٹ اور جھنگ کی طرف بڑھ رہا ہے اور جھنگ کے قریب ہیڈ تریموں پر پانی کا بہاؤ سات سے آٹھ لاکھ کیوسک تک پہنچنے کی توقع ہے جس سے ہیڈورکس کے اسٹرکچر کو بھی خطرہ ہے۔
ان دونوں شہروں اور تریموں ہیڈورکس کو بڑے سیلاب سے بچانے کے لیے اب دریا کے بند میں شگاف ڈالا گیا ہے۔
پنجاب میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 20 ہو گئی، 1700 دیہات زیرِ آب
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ صوبے میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔
پنجاب کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے سربراہ عرفان علی کاٹھیا کے مطابق پنجاب میں ساڑھے چودہ لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور سیلاب کی شدت کو دیکھتے ہوئے متاثرین کی تعداد بڑھنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد پانی میں پھنسے چار لاکھ انتیس ہزار افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے جبکہ صوبے بھر میں 365 ریلف کیمپ لگائے گئے ہیں جن میں چار ہزار متاثرین موجود ہیں۔ ان کے بقول سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے تین لاکھ سے زائد مال مویشوں کو بھی نکالا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے سربراہ کے مطابق پنجاب میں 1769 دیہات زیر آب آ چکے ہیں اور جب تک پانی سندھ میں داخل نہیں ہو جاتا اُس وقت تک خطرہ برقرار ہے۔
محکمۂ موسمیات نے واپڈا کے ڈیٹا کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ پاکستان کے دو سب سے بڑے ڈیموں تربیلا اور منگلا تقریباً پورے بھر چکے ہیں اور اپنی انتہائی سطح پر ہیں۔ اس کے علاوہ سملی، راول اور خانپور ڈیم بھی مکمل بھرے ہوئے ہیں۔
پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید مون سون بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 29 اگست سے دو ستمبر تک اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ پنجاب کے شمالی و شمال مشرقی اضلاع میں 30 سے 31 اگست کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے۔
— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) August 29, 2025
اسی عرصے کے دوران سندھ اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں بھی موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق کراچی میں 30 اگست تا 2 ستمبر تک بارشیں متوقع ہیں جس کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
دریائے چناب کا سب سے بڑا ریلا ہیڈ قادرآباد سے آگے نکل چکا ہے اور اب چنیوٹ اور جھنگ کے قریب پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہو گئی ہے۔
تاہم ہیڈ قادرآباد پر اب بھی پانی کا بہاؤ دو لاکھ کیوسک ہے جس میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔ مگر جھنگ کے قریب تریموں ہیڈ پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جمعے کی صبح دس بجے چنیوٹ میں پانی کی مقدار آٹھ لاکھ ساڑھے 42 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی جو کہ مسلسل بڑھ رہی ہے۔
بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق دریا کا پانی پہلے ہی چنیوٹ شہر کے مضافاتی علاقوں کے علاوہ شہر کے نشیبی علاقوں تک پہنچ چکا ہے اور ضلعی انتظامیہ نے جمعرات کی شب ہی شہر کے متعدد محلوں سے آبادی کے انخلا کی ہدایات جاری کر دی تھیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق چنیوٹ اور جھنگ کو سیلاب سے بچانے کے لیے کسی دوسرے مقام پر دریا کے بند میں شگاف بھی ڈالا جا سکتا ہے۔
راوی
دریائے راوی میں اس وقت شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ دو لاکھ کیوسک سے زیادہ ہے جو انتہائی درجے کا سیلاب ہے۔
جمعرات کی رات یہاں پانی کی سطح دو لاکھ 20 ہزار کیوسک سے زیادہ ہو گئی تھی جس کی وجہ سے لاہور کے نواحی علاقے بھی زیرِ آب آئے ہیں جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
اب اس سیلابی ریلے کا رخ ہیڈ بلوکی کی طرف ہے جہاں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہیڈ بلوکی پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 47 ہزار کیوسک ہے۔
ستلج
دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح بدستور بلند ہے اور یہاں بھی انتہائی درجے کا سیلاب ہے۔ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اس وقت پانی کا بہاؤ دو لاکھ 61 ہزار کیوسک سے زیادہ ہے۔