امریکی صدر ٹرمپ نے نیویارک ٹائمز پر 15 ارب ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا

09:5016/09/2025, منگل
جنرل16/09/2025, منگل
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ ’آج مجھے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ میں نیویارک ٹائمز کے خلاف 15 ارب ڈالر کا ہتکِ عزت اور بہتان تراشی کا مقدمہ دائر کر رہا ہوں۔‘

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے ایک بڑے اخبار ’نیویارک ٹائمز‘، اس کے چار رپورٹرز اور ایک پبلشر کے خلاف 15 ارب ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ اخبار نے ان کی ہتکِ عزت کی اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔

ٹرمپ نے مقدمے میں نیویارک ٹائمز کے کئی آرٹیکلز کا حوالہ دیا ہے جس میں ایک اداریہ بھی شامل ہے جو اخبار نے 2024 میں صدارتی انتخابات سے قبل شائع کیا تھا۔ اس اداریے میں ٹرمپ کو صدر کے عہدے کے لیے نااہل قرار دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ’لکی لوزر‘ نامی ایک کتاب کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔

ریاست فلوریڈا کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں دائر مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ’مدعا علیہان نے بدنیتی کے ساتھ کتاب اور مضامین شائع کیے۔ یہ جانتے ہوئے کہ ان اشاعتوں میں صدر ٹرمپ کے بارے میں نفرت انگیز اور من گھڑت باتیں بھری ہوئی ہیں۔ اس سے ٹرمپ کے کاروبار کو بھی نقصان پہنچا۔‘

نیویارک ٹائمز اور پبلشر پینگوئن نے فوری طور پر اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

دوسری جانب ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ ’آج مجھے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ میں نیویارک ٹائمز کے خلاف 15 ارب ڈالر کا ہتکِ عزت اور بہتان تراشی کا مقدمہ دائر کر رہا ہوں۔‘

ٹرمپ نے پوسٹ میں اخبار پر الزام لگایا کہ اس نے ان کی فیملی اور کاروبار کے ساتھ ساتھ ری پبلکن جماعت کی تحاریک اور نظریات کو بھی نقصان پہنچایا۔

یاد رہے کہ ٹرمپ اپنے پہلے دورِ حکومت میں بھی میڈیا سے الجھتے رہے تھے اور اپنی دوسری ٹرم کے دوران انہوں نے میڈیا کمپنیز کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔

رواں سال کے آغاز میں انہوں نے ’وال اسٹریٹ جرنل‘ اور اس کے مالکان کے خلاف ایک رپورٹ کی اشاعت پر 10 ارب ڈالر کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ اس کے علاوہ جولائی میں سی بی ایس نیوز کی پیرنٹ کمپنی پیراماؤنٹ نے ٹرمپ کے دائر کردہ ایک کیس میں ان کے ساتھ سیٹلمنٹ بھی کی تھی۔

##امریکہ
##ٹرمپ
##نیویارک ٹائمز