
پاکستان نے غزہ میں جنگ سے متاثرہ افراد کے لیے 40 ٹن انسانی امداد روانہ کر دی ہے.
عرب نیوز کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بیان میں بتایا کہ یہ اقدام اسرائیلی حملوں کے باعث فلسطینی علاقے میں جاری بحران کے دوران سامنے آیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق یہ امدادی سامان غزہ کے لیے بھیجی گئی اب تک کی 15ویں کھیپ ہے اور اگر پورے مشرق وسطیٰ (یعنی فلسطین، لبنان، شام وغیرہ) کے لیے بھیجے گئے تمام امدادی سامان کو ملا کر گنا جائے تو یہ 26ویں کھیپ بنتی ہے۔ یہ تمام امدادی کوششیں پاکستان کی جانب سے جاری انسانی ہمدردی کے مشن کا حصہ ہیں۔
این ڈی ایم اے نے کہا کہ ’تازہ ترین امدادی کھیپ، الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے بھیجی گئی ہے، جس میں تقریباً 20 ٹن ادویات، 5 ٹن صفائی کے سامان کے کٹس اور 15 ٹن خیمے شامل ہیں۔‘
امدادی سامان کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ایک خصوصی پرواز کے ذریعے عمان (اردن) روانہ کیا گیا، جہاں اردن کی رائل میڈیکل سروسز اسے وصول کر کے فلسطینی عوام تک پہنچائے گی۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے 18 مارچ کو حماس کے ساتھ مہینوں پر محیط جنگ بندی کو ختم کرتے ہوئے اچانک بمباری شروع کی تھی اور اس کے بعد سے روزانہ کی بنیاد پر حملے جاری ہیں۔
اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوبی شہر رفح کا گھیراؤ کر لیا ہے اور اب غزہ کے تقریباً آدھے علاقے پر قبضہ کر چکی ہے۔ پچھلے 60 دنوں سے اسرائیل نے غزہ میں خوراک اور دواؤں سمیت ہر قسم کی چیزوں کی آمد بند کر رکھی ہے۔ امدادی ادارے خبردار کر رہے ہیں کہ کھانے پینے اور علاج کے سامان کا ذخیرہ ختم ہونے والا ہے اور ہزاروں بچے بھوک اور بیماری کا شکار ہو رہے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان نے اب تک فلسطین کے لیے ایک ہزار 518 ٹن امداد بھیجی ہے۔ مجموعی طور پر پاکستان نے مشرق وسطیٰ کے مختلف علاقوں، جیسے لبنان (416 ٹن) اور شام (111 ٹن)، کے لیے 2 ہزار 45 ٹن امداد بھیجی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اپنے تعاون کے عزم پر قائم ہے اور بحران سے متاثرہ لوگوں کی مدد جاری رکھے گی۔






