
یہ دورہ شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کا پہلا دورہ ہے جو پچھلے ہفتے دوحہ پر اسرائیلی حملے کے بعد کیا جا رہا ہے۔
قطری امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی عمان کے دورے پر ہیں جہاں وہ اردن کے بادشاہ سے بات چیت کریں گے۔
یہ دورہ چند روز بعد ہو رہا ہے جب انہوں نے دوحہ میں عرب اور اسلامی رہنماؤں کی ایک ہنگامی کانفرنس کی میزبانی کی تھی جس میں اسرائیل کے حالیہ حملے کی مذمت کی گئی۔الجزیری کی رپورٹ کے مطابق قطری رہنما بدھ کے روز اردن کے دارالحکومت عمان پہنچے، جہاں ان کا استقبال شاہ عبداللہ دوم، ولی عہد حسین عبداللہ اور اعلیٰ اردنی حکام نے کیا۔
یہ دورہ قطری امیر کا پہلا دورہ ہے، جو اس وقت ہورہا ہے جب 9 ستمبر کو اسرائیلی فوج نے دوحہ کے ایک رہائشی علاقے پر حملہ کیا تھا، جس میں چھ افراد ہلاک ہوئے۔ قطری امیر نے اس حملے کو ’بزدلانہ‘ اقدام قرار دیا تھا۔
خلیجی تعاون کونسل نے پیر کے سربراہی اجلاس میں ایک ’مشترکہ دفاعی سسٹم کو فعال کرنے‘ کا عزم ظاہر کیا، جو اس ملاقات کا سب سے بڑا اور عملی نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اس دوران قطری امیر اور اردن کے بادشاہ کی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں جن میں فوجی تعاون مرکزی موضوع ہوگا اور وہ اگلے ہفتے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے پہلے دوحہ میں اسرائیلی حملوں پر بھی ہم آہنگی کریں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ دونوں رہنما اپنے تعلقات کو بہتر بنانے اور شام میں استحکام کی حمایت پر بھی گفتگو کریں گے۔














